رسائی کے لنکس

گال ٹیسٹ: سری لنکا کی پوزیشن مضبوط، پاکستان کے خلاف 323 رنز کی برتری


گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 231 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد میزبان سری لنکا کو بابر الیون پر 323 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے اور دوسری اننگز میں اس کی اب بھی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا لیے تھے۔

پاکستان نے منگل کو کھیل کے تیسرے روزسات وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو یاسر شاہ 13 اور حسن علی صفر کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے سری لنکن اسپن بالنگ اٹیک کے سامنے محتاط انداز اپنایا اور کوئی بڑی شارٹ کھیلنے سے گریز کیا۔

پاکستان ٹیم کا مجموعی اسکور 223 تک پہنچا تو حسن علی گیند کو باؤنڈری لائن پر پہنچانے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔ انہیں پراباتھ جے سوریا نے آؤٹ کیا۔

آٹھویں وکٹ پر یاسر شاہ کا ساتھ دینے کے لیے نعمان علی کریز پر آئے لیکن وہ دفاعی حکمتِ عملی کی وجہ سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ نعمان علی ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دسویں اور آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز یاسر شاہ تھے جو 26 رنز بنا سکے جب کہ نسیم شاہ چار رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے آغا سلمان نے 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد رضوان اور فواد عالم 24، 24 رنز بنا سکے۔

کپتان بابر اعظم 16، امام الحق 32، عبداللہ شفیق صفر، محمد نواز 12، حسن علی 21 اور نعمان علی ایک رنز بنا سکے۔

سری لنکا کی جانب سے رامیش مینڈس پانچ وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بالر ثابت ہوئے جب کہ پراباتھ جے سوریا نے تین، اسیتھا فرننڈو اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے اور اب دوسری اننگز میں اس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا لیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG