رسائی کے لنکس

افغان سفیر کی پاکستانی وزیرِ اعظم سے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت


پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کی جاری کوششوں پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان اور افغانستان میں ریاست کی سطح پر مذاکرات کی بحالی پر غور کے لیے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں تعینات افغانستان کے سفیر عمر زخیلوال نے بدھ کو پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری سے متعلق اُمور پر بات چیت کی۔

اس سے قبل افغان سفیر نے منگل کو پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

سفیر عمر زخیلوال نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ اس ملاقات کا مقصد حال ہی میں پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر کے دورۂ کابل کے بعد کی صورتِ حال اور آئندہ کے مثبت اقدامات پر غور کرنا تھا۔

پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کی جاری کوششوں پر بات چیت کی گئی۔

بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

گزشتہ اختتامِ ہفتہ ناصر خان جنجوعہ نے کابل کا دورہ کیا تھا جہاں افغان صدر اشرف غنی نے ان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ریاست کی سطح پر مذاکراتی عمل کے آغاز کے لیے پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو کابل کے دورے کی دعوت دی تھی۔

تاحال پاکستان کی طرف سے باضابطہ طور پر افغان صدر کی اس دعوت کا جواب نہیں دیا گیا لیکن حکام کے مطابق اس بارے میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

اس صورتِ حال پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا تھا کہ یہ ناگزیر ہے کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام پر بات چیت کریں۔

’’اگر دہشت گردی کے خلاف آپ (پاکستان) نے کوئی پیش رفت کرنی یا فتح حاصل کرنی ہے تو افغانستان کو اعتماد میں لینا ہو گا۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے حوالے سے الزامات کو ترک کر کے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون کو وسعت دینی چاہیے۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستان افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور اُن کے بقول اس کی وجہ سے دونوں ملک ایک رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

دریں اثنا افغانستان کے سفیر عمر زخیلوال نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے پاکستان اور افغانستان میں عہدیداروں نے اُن سے منگل کو ملاقات کی جس میں افغان مہاجرین کی واپسی اور اس سلسلے میں قریبی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG