رسائی کے لنکس

افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی


افغان سکیورٹی فورسز
افغان سکیورٹی فورسز

پاکستان نے افغان حکومت کو ملک کے نسبتاً پُرامن علاقوں میں سلامتی کی ذمہ داریاں نیٹو افواج سے مقامی سکیورٹی فورسز کو منتقل کرنے کے عمل میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان عوام کا مخلص خیر خواہ ہے۔

”ہم پُر اعتماد ہیں کہ عظیم تاریخ اور روایات کی حامل خوددار افغان قوم بذات خود ایک تاب ناک مستقبل یقینی بنانے کی اہلیت رکھتی ہے جو قومی خوہشات کے عین مطابق ہو۔“

افغان صدر حامد کرزئی نے ایک روز قبل کابل میں افغانستان نیشنل ملٹری اکیڈیمی میں سینکڑوں اہم شخصیات، پولیس اور افغان فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جولائی میں صوبائی دارالحکومتوں، لشکر گاہ (صوبہ ہلمند)، ہرات (صوبہ ہرات)، مزارِشریف (صوبہ بلخ) اور مہترلام (صوبہ لغمان) میں امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داریاں نیٹوکی زیر قیادت غیر ملکی افواج سے افغان پولیس اور فوج کو سونپ دی جائیں گی۔

صدر کرزئی کے بقول افغان قوم نہیں چاہتی کہ ملک کے دفاع کا نظام مزید عرصے کے لیے دوسروں کے ہاتھ میں رہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ افغانستان سے مثبت تعلقات پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور وہ افغان عوام کے لیے استحکام، امن اور خوشحالی کا متمنی ہے۔


XS
SM
MD
LG