رسائی کے لنکس

سرتاج عزیز کے دورۂ افغانستان کا اعلان


سرتاج عزیز یہ دورہ پاکستانی وزیراعظم کے خصوصی مندوب کے طور پر کریں گے اور افغان قیادت کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی اتوار 19 اکتوبر کو کابل کا دورہ کر کے افغان صدر اشرف غنی کو دورہ اسلام آباد کی دعوت دیں گے۔

وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق سرتاج عزیز یہ دورہ پاکستانی وزیراعظم کے خصوصی مندوب کے طور پر کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ خصوصی مندوب افغان صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تاریخوں اور تیاریوں کے بارے میں بات چیت کریں گے۔

سرتاج عزیز افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ اور علاقائی اُمور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر کا یہ دورہ نئی افغان قیادت سے موثر رابطوں کی ایک کڑی ہے۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ کی 29 ستمبر کو ہونے والی تقریب حلف برداری میں پاکستان کے صدر ممنون حسین نے شرکت کی تھی۔

جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے دونوں افغان رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اس عزم کو دہرایا تھا کہ پاکستان افغانستان سے جامع شراکت داری کے عزم پر قائم ہے۔

XS
SM
MD
LG