رسائی کے لنکس

امریکیوں اور پاکستانیوں کا ماحول کو صاف بنانے کے لیے اشتراک


امریکی سفیر کی اہلیہ یوم ارض کے موقع پر شرکا کے ساتھ
امریکی سفیر کی اہلیہ یوم ارض کے موقع پر شرکا کے ساتھ

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر مارگلہ کی پہاڑیوں میں واقع پانچویں پگڈنڈی (ٹریل 5) کی صفائی کرکے عالمی یوم ارض منایا۔

سفارتخانہ کے انگریزی زبان کے ایکسیس مائیکرواسکالرشپ پروگرام کے طلبا وطالبات سمیت پچاس پاکستانی نوجوانوں نے عالمی یوم ارض منانے کی تقریبات کے دوران مارگلہ کی پہاڑیوںمیں واقع پانچویں پگڈنڈی پر سے کوڑا کرکٹ ہٹایا اور درختوں کی بحالی کے لیے کام کیا۔ اس حوالے سے اس سال کے موضوع "ایک کروڑ سبز اقدامات" کے پس منظر میں ان سرگرمیوں کے ذریعے ماحول کے تحفظ اورکورا کرکٹ کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے کے سلسلہ میں شعور بیدار کیا گیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر کی اہلیہ ڈاکٹر میریلین وائیٹ نے کہا کہ" اقوام متحدہ نے بھی اب عالمی یوم ارض کو تسلیم کرلیا ہے اور ہر سال دنیا کے 175 ملکوں کے پچاس کروڑ لوگ یہ دن مناتے ہیں۔اس دن ہم اس امر کے اظہار کے لیے کہ ہم اپنے علاقوں میں ماحول کوصاف ستھرا رکھنے کےسلسلے میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، ہرممکن ماحول دوست اقدامات کرتے ہیں۔" ڈاکٹر وائیٹ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے لوگوں کواپنے اپنے ملکوں کے قدرتی حُسن پر فخر ہے اور وہ آنے والی نسلوں کے لیے ماحول زیادہ صاف، صحتمند اور پائیدار بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

وزارت ماحولیات کے ڈپٹی سیکرٹری سید مجتبیٰ حسین،وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے چیئرمین امتیاز عنایت الہی اورڈبلیوڈبلیو ایف اور امریکی سفارتخانہ کے دیگر حکام نے بھی ان سرگرمیوں میں شرکت کی۔

یوم ارض 1970 میں امریکہ میں ماحول کے حوالے سے شروع ہونے والی جدیدتحریک کی مناسبت سے ہر سال 22 اپریل کو منایا جاتا ہے ۔ گزشتہ چالیس برس سے تمام ممالک ایک صحتمند او رپائیدار ماحول کے فروغ اور اس حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لیے اقدامات کرتے آ رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG