رسائی کے لنکس

سیلاب زدگان کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی جلد فراہمی کا اعلان


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

امریکہ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اور تعمیرنو کی کوششوں میں معاونت کے لیے پاکستان کو ترجیحی بنیادوں پر 50 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان ڈویلپمنٹ فورم کے دو روزہ اجلا س سے پیر کو خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ یہ رقم کیری لوگر برمن قانون کے تحت پاکستان کو فراہم کی جانے والی غیر فوجی امریکی امداد کا حصہ ہے۔

اُنھوں نے بتایا کہ اوباما انتظامیہ امریکی کانگریس اور حکومت پاکستان کی مشاورت سے اُن اقدامات پر غور کریں گے جن کی مدد سے اس امداد کو موثرترین انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ اُنھوں نے سیلاب زدگان کو معاوضے کی ادائیگی، زراعت کی بحالی اور بنیادی سہولتوں کی تعمیر نو جیسے منصوبوں کے لیے امریکی امداد فراہم کرنے کا عندیہ بھی دیا۔

امریکی سفارت کار نے پاکستان کو دی جانے امداد کے شفاف استعمال پر بھی زور دیا تاہم اُنھوں نےعالمی بینک کی اُس رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے سیلاب زدگان کے لیے ملنے والی امداد کے شفاف استعمال کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

پاکستان کو درپیش مختلف سنگین مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ عالمی برادری کو ایسی مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی جن کی مدد سے پاکستان کی معاشی خودمختاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

اُدھر پاکستان ڈویلپمنٹ فورم اجلا س کے شرکاء سے خطاب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت ملک میں آئینی اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور اندرون ملک اضافی وسائل اکٹھے کرنے کے لیے اصلاحاتی جنرل سیلز ٹیکس کا بل منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔

خصوصی امریکی نمائندہ رچرڈ ہالبروک
خصوصی امریکی نمائندہ رچرڈ ہالبروک

اجلاس میں شریک پاکستان کو امداد فراہم کرنے والے 30 ممالک کے مندوبین اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندے سے خطاب میں وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ اُنھیں احساس ہے کہ پاکستان کو ان گنت شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے تاہم اُنھوں یقین دلایا کہ بہتر نظام حکومت کے پروگرام پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم گیلانی نے کہا ہے کہ وہ امداد دینے والے ممالک کی جانب اس نظر سے دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان کے موقف کو سمجھا جائے اور اس کی مدد کی جائے تاکہ ہم اپنے ہم وطنوں کو بتاسکیں کہ اقتصادی خوشحالی اور استحکام کے حصول کی خواہش میں وہ اکیلے نہیں ہیں۔

اُنھوں نے بتایا کہ حکومت کو اپنے اخراجات میں مساوات پیدا کرنے کی ضرورت ا س لیے عمومی رعایت کو ختم کرکے ایسے مخصوص شعبوں میں رعایت فراہم کرنے کا عزم کیا گیا ہے جس سے غریب لوگ مستفید ہوسکیں۔

وزیراعظم گیلانی نے کہا ہے کہ ایک ایسا ماحول جو سیلاب سے بری طرح تباہ اور دہشت گردوں کے تواتر کے ساتھ حملوں سے لرزچکا ہے اس کے باوجود ہمارے لوگوں کو نااُمید نہیں ہوناچاہیئے، اُنھوں نے کہا کہ وہ تمام پاکستانیوں بالخصوص نوجوانوں کو اُمید کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بعض لوگ اس اُمید کو دور لے جانا چاہتے ہیں اور صرف ایسی کہانی سناتے ہیں جس میں صرف غلطیوں اور ملک کی کمزوریوں کا ذکر ہو ۔

XS
SM
MD
LG