رسائی کے لنکس

'افغان جنگ میں پاکستانی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے'


پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (فائل فوٹو)
پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (فائل فوٹو)

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ افغانستان میں فوجی حکمتِ عملی میں بھی کامیاب نہیں ہوئی اور مستقبل میں بھی یہ ناکام ہوگی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "بلومبرگ" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ افغانستان میں امریکہ کی طویل ترین جنگ سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمت عملی ان کے پیش روؤں کی پالیسیوں کی طرح ناکام ثابت ہو گی۔

گزشتہ ہفتے افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے قربانیاں ضرور دیں لیکن اسے اپنی سرزمین پر عسکریت پسندوں کی مبینہ پناہ گاہوں کو ختم کرنا ہوگا۔

ان کا یہ بیان پاکستان کے اس موقف کے برعکس تھا کہ وہ بلاامتیاز دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے اور ٹرمپ کے ان دعوؤں پر پاکستان کے سیاسی و سماجی حلقوں نے خاصی برہمی ظاہر کی تھی۔

وزیراعظم عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے لیکن وہ افغانستان میں لڑی جانے والی جنگ کو پاکستان میں منتقل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک دہشت گردوں کو پناہ نہیں دیتا اور "ہم افغانستان کی جنگ کے لیے پاکستان کی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ جو کچھ بھی افغانستان میں ہو رہا ہے وہ وہیں ہونا چاہیے۔"

انھوں نے کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان، بھارت سمیت تمام ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

تاہم ان کے بقول افغان حکومت کو خود طالبان کے مسئلے سے نمٹنا چاہیے اور اس کے لیے اگر کابل کو "ہماری مدد کی ضرورت ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔"

وزیراعظم عباسی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حمایت غیر مشروط ہے۔

XS
SM
MD
LG