رسائی کے لنکس

سیاچن کے سرحدی تنازع پر پاک بھارت مذاکرات بے نتیجہ


سیاچن کے سرحدی تنازع پر پاک بھارت مذاکرات بے نتیجہ
سیاچن کے سرحدی تنازع پر پاک بھارت مذاکرات بے نتیجہ

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاچن گلیشیئر کے تنازع پر نئی دہلی میں مذاکرات بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوگئے ہیں۔

سیکرٹری دفاع کی سطح پر ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے اختتام پر منگل کے روز جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فریقین کے مابین تنازع کے حل کے لیے نتیجہ خیز اور بامعنی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں دنیا کے اس بلند ترین محاذ جنگ سے پاک بھارت افواج کی واپسی کے لیے مذاکرات کا یہ بارہواں دور تھا۔ تاہم اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں تاحال کوئی نمایاں پیش رفت نہیں کی ہوسکی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق مذاکرات کا آئندہ دور اسلام آباد میں ہوگا جس کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سطح سمندر سے ساڑھے پانچ ہزار فٹ سے بھی زیادہ بلند اس میدان جنگ میں افواج کی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے پاکستان اور بھارت کو بھاری اخراجات اُٹھانا پڑ رہے ہیں جب کہ یہاں شدید موسمی حالات کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتیں براہ راست لڑائی کے باعث ہونے والے جانی نقصانات سے کہیں زیادہ ہیں۔

بھارت کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان سیاچن پر موجود دونوں ملکوں کی افواج کی موجودہ پوزیشنوں کو حتمی طور پر تسلیم کر لے تو وہ اپنی فوجیں واپس بلانے پر تیار ہے لیکن پاکستان اس پیشکش کو مسترد کرتا ہے کیوں کہ اس کا موقف ہے کہ بھارت نے 1984ء میں سیاچن پر فوج کشی کرکے اس کے زیر انتظام علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG