رسائی کے لنکس

پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا ’ہاٹ لائن پر رابطہ‘


بیان میں کہا گیا کہ نا تو پاکستانی فوج نے ’ایل او سی‘ پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور نا ہی کسی بھارتی فوج کی لاش کی بے حرمتی کی گئی۔

پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان منگل کو ’ہاٹ لائن‘ پر رابطہ ہوا، جس میں ایک روز قبل کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب دو بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور اُن کی مبینہ بے حرمتی پر بات چیت کی گئی۔

بھارت کا موقف ہے کہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی حد بندی لائن ’ایل او سی‘ کے پونچھ سیکٹر میں پاکستانی فوج نے دو چوکیوں پر حملہ کر کے بھارتی فوج کے دو اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جب کہ اُن کی لاشوں کو مسخ بھی کیا گیا۔

پاکستانی فوج ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق منگل کو ہاٹ لائن پر ہونے والے رابطے میں بھی پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے کہا کہ پیشہ وارانہ عسکری ادارہ ہونے کے ناطے پاکستانی فوج اعلیٰ اخلاقی معیار رکھتی ہے۔

پاکستان کی طرف سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ فوجی اہلکاروں کی لاشوں کی بے حرمتی کے الزامات بھارتی کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے بیان کے مطابق پیر کی شب بھی راولاکوٹ۔ پونچھ سیکٹر میں مقامی عسکری کمانڈروں کے درمیان بھی ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ نا تو پاکستانی فوج نے ’ایل او سی‘ پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور نا ہی کسی بھارتی فوج کی لاش کی بے حرمتی کی گئی۔

کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے علاوہ ورکنگ باؤنڈری پر بھی حالیہ مہینوں میں پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسز کے درمیان فائرنگ و گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہا ہے، جس سے دونوں ہی جانب فوجی اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی مارے گئے۔

XS
SM
MD
LG