پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر، جمعے کو واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر اور وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔
پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے نمائندوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور پاکستان سے آئے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے 12 ججوں پر مشتمل ایک وفد بھی تقریب میں شریک تھا۔
قومی ترانے کی دھن پر جب پاکستانی پرچم فضا میں لہرایا جا رہا تھا، تو امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے چہرے طمانیت سے روشن ہو رہے تھے اور وہ تابندہ مستقبل کی امید اور عزم کی کیفیت میں تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ بعد میں، پاکستانی سفیر نے صدر اور وزیر اعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں دونوں قومی رہنماوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں ملک سماجی، سیاسی اور اقتصادی استحکام کی منزل حاصل کرلے گا۔
دونوں رہنماوں نے اعتراف کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کا ثمر ملنا شروع ہوگیا ہے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر بہتری کی جانب گامزن ہے اور عالمی ادارے پاکستان کے اقتصادی استحکام کی نشاندہی کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں بیرونی سرمایہ کاروں میں اعتماد پیدا ہوا ہے۔
صدر اور وزیر اعظم پاکستان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں مثبت امکانات کو حقیقت میں بدلنے کے لئے قوم سے یکسوئی اور اتحاد کی اپیل کی۔
بعد میں، یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
اسی طرح کی پرچم کشائی کی تقریبات نیویارک کے پاکستانی قونصل خانے اور پاکستانی مشن کے علاوہ شکاگو اور ہوسٹن کے پاکستانی قونصل جنرل کے دفاتر میں بھی کی گئیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے پرچم کشائی کی۔ ان تمام تقریبات میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔