رسائی کے لنکس

باڑ لگانے سے انسداد دہشت گردی میں مدد ملے گی:جنرل باجوہ


پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کے روز بلوچستان کے علاقے پنجپائی میں پاک افغان سرحد کے ساتھ باڑ لگانے کے کام کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر موجود قبائلی عمائدین سے بات کرتے ہوئے فوج کے سربراہ نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور سرحد پر باڑ لگانے میں تعاون کرنے پر اُن کا قبائلی عمائدین کا ادا کیا۔

جنرل باجوہ نے کہا کہ سرحد پر باڑ لگانے سے دہشت گرد پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

تاہم، انہوں نے کہا اس علاقے میں کاروباری سرگرمیوں اور قانونی طریقے سے پاکستان میں داخلے کے لئے مقررہ قانونی راستوں سے داخلے کے لئے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، 270 کلومیٹر طویل آہنی باڑ کی تنصیب کا کام ضلع کوئٹہ کے سرحدی علاقے پنج پائی میں شروع کیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں پانچ کلومیٹر پر باڑ لگا دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر بلوچستان کے وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنرل باجوہ سے کوئٹہ میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو مستردکر دیا ہے اور پوری قوم کی حمایت اور فوج کے جوانوں کی قربانیوں سے ملک میں دیرپا امن قائم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند عناصر نوجوانوں کے ذہنوں پر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ملک میں افراتفری اور سوسائٹی میں عدم اطمینان پیدا کر سکیں۔ لیکن، فوج اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ملک کے دفاع کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر شہری کو قانون کی پاسداری کرنی چاہیے اور آئین کے دائرے میں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل محنت اور کردار سازی سے ملکی ترقی میں کردار ادا کرے۔

فوج کے سربراہ نے کوئٹہ میں ’کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ‘ کا بھی افتتاح کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ پروجیکٹ گزشتہ پانچ سال سے رکا ہوا تھا، اس سے کوئٹہ مزید محفوظ ہوگا۔

جنرل باجوہ نے کوئٹہ میں ’نسٹ‘ کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا جس پر دو ارب 63 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

XS
SM
MD
LG