رسائی کے لنکس

آسکر ایوارڈ ٹرافی، باتھ روم میں رکھیں یا میوزم میں!


ایما تھامسن ’ہوورڈز اینڈ‘ اور’سینس اینڈ سینسی بلیٹی‘میں نبھائے جانے والے اپنے کرداروں پر دو بارآسکر ٹرافی جیت چکی ہیں۔ وہ یہ آسکر ٹرافیاں کہیں اور نہیں بلکہ اپنے لندن والے گھر کے ’باتھ روم‘ میں رکھتی ہیں

ہالی وڈ کی سب سے زیادہ قیمتی سمجھی جانے والی چیز ہے آسکر ٹرافی۔ آسکر ایوارڈز کی شاندار اور رنگارنگ تقریب میں سینکڑوں حاضرین اور گھر بیٹھ کر تقریب سے لطف اٹھانے والے کروڑوں ناظرین کے سامنے ساڑھے 13 انچ کی ٹرافی وصول کرنا فن کی معراج ہوتا ہے۔

۔۔۔۔ یہی آسکر ٹرافی تقریب کے اختتام پر جب گھر پہنچتی ہے تو آسکر ونرز انہیں کہاں کہاں رکھتے ہیں، یہ جان کر آپ شاید حیران ہوجائیں گے۔

ایما تھامسن ’ہوورڈز اینڈ‘ اور’سینس اینڈ سینسی بلیٹی‘میں نبھائے جانے والے اپنے کرداروں پر دو بار آسکر ٹرافی جیت چکی ہیں۔ وہ یہ آسکر ٹرافیاں کہیں اور نہیں بلکہ اپنے لندن والے گھر کے ’باتھ روم‘ میں رکھتی ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ سے بات چیت میں ایما تھامسن کا کہنا تھا:

’میرے نزدیک ٹرافیاں باتھ روم میں رکھنا کوئی بری بات نہیں، نہ ہی بدتمیزی ہے۔ میری اور بھی کئی قیمتی چیزیں باتھ روم میں ہی رکھی ہیں۔ باتھ روم وہ جگہ ہے جہاں گھر آئے مہمان کم از کم ایک دفعہ تو ضرور ہی جاتے ہیں اور ٹرافیاں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔‘

فلم ’بلیو جیسمین‘ میں اپنے کردار پر آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں شامل کیٹ بلانچٹ کی آسکر ٹرافی ملبورن میں قائم فلم میوزیم ’آسٹریلین سینٹر فار دی موونگ امیج‘ کی زینت بن چکی ہے۔ کیٹ کے مطابق وہ جب بھی میوزیم جاتی ہیں، ٹکٹ خرید کر ٹرافی دیکھنا پڑتی ہے۔

آسکر ایوارڈز حاصل کرنے والے 2,809آرٹسٹس میں بہت سے ایسے ہیں جو ٹرافی کو اپنے لیونگ روم یا پھر آفس میں سجا تے ہیں۔چارلیز تھرون نے ’مونسٹر‘ پر ملے آسکر کو لیونگ روم میں رکھا ہے تو جارج کلونی نے ’آرگو‘ اور ’مائیکل کلے ٹن‘ میں بہترین کردار نگاری پر ملنے والی آسکر ٹرافیاں اپنے آفس میں سجا رکھی ہیں۔

’ڈریمنگ گرلز‘ فلم پر آسکر پانے والی جینیفر ہڈسن نے تو آسکر رکھنے کے لئے ایک خفیہ دیوار بنا ڈالی۔ ہڈسن کا کہنا ہے ’دیکھنے والوں کو پتا ہی نہیں چلتا کہ یہ ایک دیوار ہے۔ ٹرافی تو دراصل میرے فیوچرسٹک آفس کی زینت بنے گی‘۔

’دی بلائنڈ سائیڈ‘ میں بہترین اداکارہ کا آسکر حاصل کرنے والی سینڈرا بلک نے اپنی ٹرافی اپنے چھوٹے بیٹے لوئی کو دے دی۔ سینڈرا کا کہنا ہے’یہ میرے بیٹے کی مرضی ہے کہ وہ بتاتا ہے یا نہیں کہ ٹرافی کہاں رکھی ہے، میں اس بارے میں بس یہی کہہ سکتی ہوں۔‘
XS
SM
MD
LG