رسائی کے لنکس

تازہ جھڑپوں میں 20شدت پسند ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام نے بتایا ہے کہ اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں بدھ کے روز ہونے والی جھڑپوں میں مجموعی طور پر 20شدت پسندوں کو ہلاک اور تین کو زخمی کردیا گیا ہے۔ اس لڑائی میں حکام نے ایک سکیورٹی اہلکار کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

حکام کے مطابق تازہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب درجنوں شدت عسکریت پسندوں نے شاؤغَل کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر راکٹوں سے حملہ کیاجسے پسپا کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے دس جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔اسی طرح ایجنسی کے مختلف علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے شدت پسندوں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔

ایک روز قبل حکام نے اعلان کیا تھا کہ اورکزئی ایجنسی کے زیادہ تر علاقوں میں کامیاب فوجی کارروائی کے نتیجے میں شدت پسندوں کے ٹھکانے تباہ کردیے گئے ہیں ان علاقوں سے جنگجوؤں کا صفایا کردیا گیا ہے تاہم حکام کا ماننا ہے کہ بعض علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانے موجود ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے فوجی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

منگل کو فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اورکزئی ایجنسی کا دورہ کیا اور وہاں قبائلی عمائدین سے ملاقات میں سکیورٹی فورسز کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں علاقے کی خوشحالی اور حالات کو معمول پر لانے کی یقین دہانی کرائی۔

حکام نے علاقے سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی واپسی کا عمل جلد شروع کرنے کا بھی یقین دلایا۔

اورکزئی ایجنسی میں فوج اور فرنٹیئرکور نے مارچ کے اواخر میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی جس میں حکام کے بقول اب تک چھ سو سے زائد جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG