رسائی کے لنکس

امریکہ: نجی خلائی شٹل آزمائشی پرواز کے دوران تباہ، پائلٹ ہلاک


حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا شٹل کا پائلٹ تھا جب کہ چھلانگ لگانے والا پائلٹ بھی شدید زخمی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

امریکہ میں ایک نجی کمپنی کی خلائی شٹل کو آزمائشی پرواز کے دوران پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔

امریکی نشریاتی اداروں 'سی این این' اور 'سی این بی سی' کے مطابق 'ورجن گیلیکٹک' نامی مسافر بردار شٹل کو حادثہ ریاست کیلی فورنیا کے صحرائے موجاوی میں آزمائشی پرواز کے دوران پیش آیا۔

موجاوی میں قائم 'ایئر اینڈ اسپیس پورٹ' کی انتظامیہ کے مطابق شٹل کو دو پائلٹ اڑا رہے تھے جن میں سے ایک حادثے سے قبل شٹل سے کودنے میں کامیاب رہا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا شٹل کا کو پائلٹ تھا جب کہ چھلانگ لگانے والا پائلٹ بھی شدید زخمی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق شٹل نجی کمپنی 'ورجِن گیلیکٹک' کا تیار کردہ تھا جس کی پائلٹس کے ساتھ یہ پہلی آزمائشی پرواز تھی۔

کمپنی جہاز کی کامیاب آزمائش کے بعد اسے خلا کی سیاحت کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔ حادثے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہوسکا ہے۔

امریکہ میں رواں ہفتے کسی خلائی گاڑی کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل منگل کو 'ناسا' کی جانب سے سامان لے کر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جانے والا ایک راکٹ لانچنگ کے کچھ ہی دیر بعد دھماکے سے تباہ ہوگیا تھا۔

یہ راکٹ بھی ایک نجی کمپنی کا تیار کردہ تھا۔

خیال رہے کہ خلائی سفر کے پروگرام پر آنے والی بھاری لاگت کے سبب امریکی خلائی ادارے نے اپنا خلائی شٹل پروگرام بند کرکے خلابازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک لانے اور لے جانے کا کام دو نجی کمپنیوں کے سپرد کردیا ہے جو آئندہ تین برسوں میں یہ ذمہ داری سنبھال لیں گی۔

اس وقت تک امریکی خلا باز خلا میں آنے اور جانے کے لیے روسی اسپیس شپس استعمال کریں گے۔

XS
SM
MD
LG