رسائی کے لنکس

سیاٹل میں دو دن میں فائرنگ کے تین واقعات، ایک خاتون ہلاک


حکام کے مطابق فائرنگ کے تازہ واقعے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے۔
حکام کے مطابق فائرنگ کے تازہ واقعے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے۔

امریکہ کی ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک شخص ہلاک جب کہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق سیاٹل کی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے مصروف ترین مرکزی علاقے میں بدھ کی شام ایک ریستوران کے قریب متعدد افراد نے فائرنگ کی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر کئی افراد زخمی ہوئے جب کہ ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔

سیاٹل کے فائر چیف ہیرلڈ اسکوگنس نے بتایا ہے کہ انہیں بدھ کی شام فائرنگ سے متعلق متعدد ٹیلی فون کالز موصول ہوئی تھیں جس پر ٹیموں کو جائے واقعہ روانہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق فائرنگ سے ہلاک والی ایک خاتون ہیں جن کی عمر 40 سے 50 سال کے درمیان ہے۔ واقعے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اسپتال ترجمان نے بتایا ہے کہ کہ ایک 55 سالہ زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔ زخمیوں میں ایک نو سالہ بچہ بھی شامل ہے جب کہ پانچ زخمی مردوں کی کیفیت بہتر ہے۔

سیاٹل کی پولیس چیف کیمرن بیسٹ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ واقعے کے وقت کی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مکڈونلڈز کے ریستوران کے باہر تنازع کے بعد متعدد افراد نے فائرنگ کی جس کی زد میں کئی لوگ آئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ جرائم پیشہ گروہوں کی باہم لڑائی کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے لیکن حتمی بات ابتدائی تفتیش کے بعد ہی کی جاسکے گی۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ یہ ایک دم شروع ہونے والی فائرنگ تھی۔ اس دوران متعدد گولیاں چلنے کی آواز آئی۔

کچھ عینی شاہدین نے صحافیوں کو بتایا کہ 10 سے 11 گولیاں چلائی گئیں جس سے علاقے میں خوف پھیل گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس وقت لوگوں نے فائرنگ کی آواز سنی تو سب زمین پر لیٹ گئے۔

خیال رہے کہ سیاٹل کے مرکزی علاقے میں گزشتہ دو روز میں فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

پولیس کو منگل کو مرکزی کاروباری علاقے میں ایک عمارت کی سیڑھیوں سے ایک شخص زخمی حالت میں ملا تھا جو بعد ازاں اسپتال میں چل بسا تھا۔

بعد ازاں بدھ کو اسی علاقے میں پولیس کی فائرنگ سے ایک اور شخص کو گولی لگی تھی۔ تاہم فائرنگ کے اس تبادلے کی مزید تفصیلات سامنے تاحال نہیں آئی ہیں۔

امریکہ میں ہر سال عوامی مقامات پر فائرنگ میں سیکڑوں افراد کی جان چلی جاتی ہے جس کی بنیاد پر کئی حلقے آتشیں اسلحے سے متعلق قوانین سخت کرنے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔

تاہم بعض دیگر حلقوں کی مخالفت کے باعث تاحال امریکہ میں گن کنٹرول سے متعلق سخت قوانین متعارف نہیں کرائے جاسکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG