رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز، پہلے میچ میں عمان نے پاپوا نیو گنی کو شکست دے دی


ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں آٹھ ٹیمیں مدِمقابل ہیں جن میں سے دو اگلے مرحلے کے لیے کوالی فائی کریں گی۔
ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں آٹھ ٹیمیں مدِمقابل ہیں جن میں سے دو اگلے مرحلے کے لیے کوالی فائی کریں گی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں عمان نے پاپوا نیو گنی کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کیا ہے۔

الامارات کرکٹ اسٹیڈیم مسقط میں میگا ایونٹ کے پہلے مقابلے میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے پاپوا نیو گنی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاپوا نیو گنی کے بلے باز عمانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا سکی۔

عمان کی جانب سے اسپنر ذیشان مقصود نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اُنہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ گیا گیا۔

عمان کی جانب سے بلال خان نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر دو جب کہ کلیم اللہ نے تین اوورز میں 19 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاپوا نیو گنی کی جانب سے اسد والا 56 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ چارلس امینی نے 26 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔

جواب میں عمان کے اوپننگ بلے بازوں نے ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں کیا اور محض 14 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کر لی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے کوالی فائنگ راؤنڈ میں کل آٹھ ٹیمیں مدِمقابل ہیں جن میں سری لنکا، بنگلہ دیش، عمان، پاپوا نیو گنی، اسکاٹ لینڈ، نیدر لینڈز، نیمیبیا اور آئرلینڈ شامل ہیں۔

کوالی فائنگ راؤنڈ 22 اکتوبر کو ختم ہو گا جس کے بعد ان آٹھ ٹیموں میں سے چار ٹیمیں سپر 12 مرحلے کے لیے کوالی فائی کریں گی۔

سپر 12 مرحلے کا آغاز 23 اکتوبر کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مقابلے سے ہو گا۔ ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اپنے پہلے میچ میں 24 اکتوبر کو مدِمقابل ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG