رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 6 کے آفیشل گانے پر دلچسپ تبصرے، اس بار نیا کیا ہے؟


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کا آفیشل سانگ ‘گروو میرا’ گزشتہ روز یو ٹیوب اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا۔ جس کے بعد گلوکارہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ‘ینگ اسٹنرز’ کے گائے ہوئے گانے کو اب تک لاکھوں لوگ دیکھ اور سن چکے ہیں۔

اس بار پی ایس ایل کے آفیشل گانے میں ماضی کی نسبت کچھ نیا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں گانے کا آغاز پنجابی فلموں میں اپنی لبھاتی آواز کا جادو دکھانے والی نصیبو لعل کرتی ہیں۔ جس کی ویڈیو میں رنگ برنگے بادلوں کے جھرمٹ میں سے آشکار ہونے والے گیند اور بیٹ دکھائی دیے جانے کے بعد پرانے ٹی وی سیٹس دکھائی دیتے ہیں۔

رواں ماہ فروری میں شروع ہونے والے پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے آفیشل سانگ کے ذریعے پاکستانی ثقافت کی ترجمانی کی بھی کوشش کی گئی ہے۔

عکاسی، تدوین اور جدید تقاضوں کے مطابق گانے میں ایک کامیاب اور ہِٹ ہونے والے گانے کے مطلوبہ تمام لوازمات شامل کیے گئے ہیں۔ تاہم گانے کی ابتدا میں نصیبو لعل کے بول ‘اج ویکھے گا کراؤڈ میرا گروو ٹی وی تے (آج دیکھے گا کراؤڈ میرا گروو ٹی وی پر)’ اور دیگر گلوکاروں کی پرفارمنس پر لوگ دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف نشا ارشد نے معروف سنگر و اداکار علی ظفر کی میم شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ علی ظفر پی ایس ایل 6 کا گانا دیکھنے کے بعد۔

ٹوئٹر صارف مرزا مغل نے ایک میم شیئر کی ہے۔ جس پر لکھا ہے کہ "چپل کہاں ہے میری۔"

نمرز مشتاق نے آئمہ بیگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی ہے کہ آئمہ بیگ گانے پر رد عمل آنے کے بعد علی ظفر کی طرف بھاگتے ہوئے۔

ٹوئٹر صارف شازم جوئیہ نے ٹوئٹ کی ہے کہ انہوں نے اپنے گھر میں پی ایس ایل کا گانا اونچی آواز میں لگایا اور اب انہیں گھر سے نکال دیا گیا ہے۔

شیراز طارق کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ہر سال پی ایس ایل کا ریلیز ہونے والا گانا انہیں پچھلے سال ریلیز ہونے والے گانے کے عشق میں مبتلا کر دیتا ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کے آفیشل گانے پر بھی شائقین کا ملاجلا ردِعمل سامنے آیا تھا۔ 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں علی ظفر کی جانب سے گایا جانے والے 'پھر سیٹی بجے گی، کھیلے جمے گا' کو اب تک پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے کامیاب آفیشل سانگ سمجھا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG