رسائی کے لنکس

انتخابی عمل پر شکوک کے اظہار پر، اوباما کی ٹرمپ پر نکتہ چینی


اوباما نے کہا کہ ’’میں نے اپنی زندگی میں یا جدید سیاسی تاریخ میں کسی امیدوار کو انتخابات اور انتخابی عمل کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے نہیں دیکھا، جب کہ ووٹ ابھی ہوئے تک نہیں ہیں‘‘

امریکی صدر براک اوباما نےمنگل کے روز ڈونالڈ ٹرمپ کی سرزنش کی ہے جنھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ نومبر کے صدارتی انتخاب میں اُن کے خلاف دھاندلی کی جائے گی۔ صدر نے کہا ہے کہ ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار ’’فریاد کرنا بند کریں‘‘، اور جیتنے کے لیے اپنا مقدمہ ووٹروں کے سامنے پیش کریں۔

وائٹ ہاؤس میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، اوباما نے کہا کہ ’’میں نے اپنی زندگی میں یا جدید سیاسی تاریخ میں کسی امیدوار کو انتخابات اور انتخابی عمل کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے نہیں دیکھا، جب کہ ووٹ ابھی ہوئے تک نہیں ہیں‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’اِس بات کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اس کی بنیاد حقائق پر مبنی نہیں ہے‘‘۔

ایسے میں جب وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی مدِ مقابل امیدوار، ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں قومی عام جائزہ رپورٹوں میں پیچھے ہیں، حالیہ دِنوں کے دوران ٹرمپ نے انتخاب کے جائز ہونے پر سوال اٹھائے ہیں۔

جائیداد کے نامور کاروباری شخص نے، جو پہلی بار کسی منتخب عہدے کا الیکشن لڑ رہے ہیں، ثبوت سامنے لائے بغیر استفسار کیا ہے کہ قبل از وقت ووٹنگ میں کچھ ریاستوں میں انتخابی دھاندلی ہو رہی ہے اور یہ کہ انتخاب کے دِن، 8 نومبر کو مزید دھاندلی ہوگی۔ اُنھوں نے کہا ہے کہ ابلاغ عامہ کے قومی ذرائع کی جانب سے کلنٹن کے ساتھ سازباز کے نتیجے میں الیکشن میں دھاندلی ہو رہی ہے۔ کلنٹن سابق وزیر خارجہ ہیں، جو ملک کی پہلی خاتون صدر بننے کی خواہاں ہیں۔

اوباما نے کہا ہے کہ ’’میں مسٹر ٹرمپ کو مشورہ دوں گا کہ وہ رونا دھونا بند کریں اور ووٹ لینے کے لیے اپنا کیس ووٹروں کے سامنے پیش کریں۔‘‘

بقول اُن کے، ’’اگر وہ زیادہ ووٹ حاصل کرتے ہیں تو میری توقع ہے کہ ہیلری کلنٹن اُن کو مبارکباد دینے کے لیے خطاب کریں گی اور اُن کے ساتھ کام کرنے کا عہد کریں گی، تاکہ امریکی عوام ایک مؤثر حکومت سے استفادہ کر سکیں۔ اور میرا یہ فرض ہوگا کہ میں مسٹر ٹرمپ کا خیرمقدم کروں، بغیر اس بات کے کہ اُنھوں نے میرے بارے میں کیا کچھ کہا ہے، یا اُن کے ساتھ میرے کیا اختلافات ہیں یا اُن کے بارے میں میرے خیالات ہیں، اور اُن کے ہمراہ قانون ساز ادارے کی جانب جاکر، جو اقتدار کی پُرامن منتقلی کے لیے درکار ہے۔ یہی امریکی کرتے ہیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG