رسائی کے لنکس

تیل کی قلت کی صورت میں محفوظ ذخیرہ استعمال میں لائینگے، اوباما


تیل کی قلت کی صورت میں محفوظ ذخیرہ استعمال میں لائینگے، اوباما
تیل کی قلت کی صورت میں محفوظ ذخیرہ استعمال میں لائینگے، اوباما

امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ اگر مشرقِ وسطیٰ کے حالات کے باعث امریکہ کو تیل کی فراہمی متاثر ہوئی تو ان کی انتظامیہ ہنگامی مقاصد کیلیے ذخیرہ کیے گئے پیٹرولیم ریزروز کو استعمال میں لائے گی۔

"اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزروز" کے تحت امریکا میں ذخیرہ کیے گئے خام تیل کی مقدار 727 ملین بیرل بتائی جاتی ہےجسے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا امریکہ کو عالمی منڈی سے تیل کی فراہمی منقطع ہونے کی صورت میں میعشت کا پہیہ جاری رکھنے کیلیے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔

مذکورہ ذخیرہ کو 1973ء میں اس وقت قائم کیا گیا تھا جب اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے کے ردِعمل میں عرب ممالک نے امریکہ کو تیل کی فراہمی معطل کردی تھی۔

جمعہ کے روز واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری احتجاجی تحریک کے زیرِاثر اگر امریکہ کو تیل کی فراہمی متاثر ہوئی تو اس ذخیرے کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم صدر اوباما نے فوری طور پر ایسے کسی اقدام کی ضرورت کو مسترد کیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ لیبیا کے حالات کے باعث وہاں تیل کی پیداوار متاثر ہوئی ہے جس سے عالمی منڈی میں آنے والی کمی کو تیل برآمد کرنے والے دیگر ممالک مل کر پورا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے اتحادی ممالک اور برازیل جیسے خام تیل برآمد کرنے والے بڑے ملکوں کے ساتھ مل کر تیل کی سپلائی برقرار رکھنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ عرب ممالک کی غیریقینی سیاسی صورتِ حال کے تناظر میں حالیہ کچھ ہفتوں کے دوران امریکہ میں گیسولین کی قیمتوں میں خاصا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ امریکہ میں گیسولین کی قیمتیں گزشتہ کچھ روز کے دوران 93 سینٹ اضافے کے بعد 50ء3 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

اپنی گفتگو میں صدر اوباما کا کہنا تھا کہ امریکہ توانائی کے بحرانوں کا ماضی کے مقابلے میں اب زیادہ بہتر طور پر سامنا کرنے کے قابل ہے کیونکہ ان کے بقول کئی امریکی خاندان توانائی کے متبادل ذرائع پر انحصار کرنے لگے ہیں۔

XS
SM
MD
LG