رسائی کے لنکس

نظام انصاف میں اصلاح پر زور، صدر اوباما کا اوکلاہوما جیل کا دورہ


الرینو، اوکلاہوما
الرینو، اوکلاہوما

پہلے ہی، مسٹر اوباما منشیات کے غیر متشدد نوعیت کے جرائم پر دی گئی سزاؤں میں تخفیف یا پھر اُنھیں معاف کرنے پر زور دے چکے ہیں، جب کہ اُن کا کہنا ہے کہ ایسے مجرموں کو قید تنہائی میں رکھنے کے معاملے پر نظرثانی کی جائے

انصاف کے منصفانہ نظام اور قیدخانوں کی اصلاح کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے لیے، امریکی صدر براک اوباما نے جمعرات کو ایک وفاقی جیل خانے کا دورہ کیا؛ اور یوں، وہ عہدے پر فائز پہلے صدر ہیں جنھوں نے ایک وفاقی جیل کا دورہ کیا۔

مسٹر اوباما ملک کی وسط مغربی ریاست، اوکلاہوما میں قائم ’الرینو‘ قیدخانے گئے، جہاں قانون کا نفاذ کرنے والے حکام اور منشیات کے استعمال پر قید غیر متشدد مجرموں سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

اس سے قبل، اسی ہفتے اپنے خطاب میں، مسٹر اوباما نے منشیات سے متعلق غیر متشدد نوعیت جرائم پر دی گئی سزاؤں میں تخفیف یا پھر اِنھیں معاف کرنے پر زور دیا تھا، جب کہ مجرموں کو قید تنہائی میں رکھنے کے معاملے پر نظرثانی کرنے، اور قید کاٹنے کے عرصے دوران مجرموں کو کارگر بنانے کے لیے روزگار کے تربیتی پروگراموں میں اضافہ کرنے کے لیے آواز اٹھائی تھی۔

اُنھوں نے قید تنہائی کی سزا پر وفاق کی جانب سے نظرثانی کا اعلان کرتے ہوئے، کانگریس پر زور دیا کہ سال کے آخر تک سزاؤں سے متعلق فیصلوں میں اصلاح لانے سے متعلق قانون سازی منظور کی جائے۔

صدر واضح کر چکے ہیں کہ جرم کی سنگینی کے مقابلے میں سخت سزائیں دینے کے نتیجے میں گذشتہ 20 برس کے دوران امریکی جیلوں میں مجرموں کی تعداد دوگنی ہوچکی ہے۔

امریکہ وہ ملک ہے جہاں قیدیوں کی سب سے بڑی تعداد بند ہے، جو دنیا کے قیدخانوں کی آبادی کا 25 فی صد بنتا ہے، حالانکہ امریکہ کی آبادی دنیا کی آبادی کا محض پانچ فی صد ہے۔

XS
SM
MD
LG