صدر اوباما نے کانگریس پر زور دیاہے کہ وہ نئی ملازمتیں پیدا کرنے سے متعلق ان کے بل کو جلد منظور کرے۔
ہفتے کے روز اپنے ہفتے وار خطاب میں مسٹر اوباما نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ کانگریس روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے متعلق اس بل پرمل کرکام کرے اور اس کی منظوری دے تاکہ اسے قانون کا درجہ دینے کے لیے میں اس پر دستخط کرسکوں۔
صدر نے چا رکھرب 47 ارب ڈالر کا بل تین ہفتے قبل منظوری کے لیے کانگریس میں بھیجا تھا۔ مسٹر اوباما کا کہناہے کہ اس بل کی مدد سے اساتذہ، پولیس اور تعمیراتی کارکنوں کے لیے ملازمتوں کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا یہ بھی کہناہے کہ مختلف سیاسی نظریات سے تعلق رکھنے والے اقتصادی ماہرین کا خیال ہے کہ مجوزہ بل کے ذریعے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور نئے روزگار کے دروازے کھلیں گے۔
دوسری جانب ری پبلیکن پارٹی کے ہفتہ وار خطاب میں کانگریس کے رکن مارگین گرفتھ نے کاروباروں پر عائد قوانین اور ضابطوں میں کمی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سےضابطے کی کارروائیاں کاروباری افراد کی پریشانی کا سبب بن رہی ہیں ۔
ری پبلیکنز ، صدر اوباما کے مجوزہ بل کے کچھ حصوں سے اتفاق کرتے ہیں ، جیسے تنخواہوں کی ٹیکس کٹوتیاں وغیرہ، لیکن انہوں نے اخراجاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق ٹیکسوں میں اضافے کی تجاویز مسترد کردی ہیں۔