رسائی کے لنکس

خوراک کے تحفظ سے متعلق نیا امریکی قانون


خوراک کے تحفظ سے متعلق نیا امریکی قانون
خوراک کے تحفظ سے متعلق نیا امریکی قانون

امریکی صدر براک اوباما نے منگل کے روز خوراک کے تحفظ سے متعلق امریکی نظام کو بہتر بنانے کے لیے قانون پر دستخط کررہے ہیں جس پرایک ارب 40 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔ صدر حال ہی میں ہوائی میں تقریباً دو ہفتے کی تعطیلات گذار کر واپس آئے ہیں۔

اس قانون کے ذریعے امریکی حکومت کو ملک کے اندر اور باہر خوراک تیار کرنے کے کارخانوں کے وسیع تر معائنے کے اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔ یہ قانون حکومت کو چیزوں کو مارکیٹ سے واپسی کا اختیار بھی دیتا ہے۔ جب کہ موجودہ قانون کے تحت حکومت صرف کمپنیوں سے اپنی چیزیں مارکیٹ سے اٹھانے کی درخواست کرسکتی ہے۔

نیا قانوٰن بڑے فارموں اور کھانے پینے کی مصنوعات تیار کرنے والے کارخانوں کو خوراک کے تحفظ سے متعلق تفصیلی منصوبے بنانے اور ان کا ریکارڈ رکھنے کا تقاضا کرتا ہے۔ درآمد کی جانے والی خوراک کو بھی اب زیادہ سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بحرالکاہل کے جزیرے ہوائی میں اپنی ان تعطیلات کے دوران صدراوباما زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے اوجھل رہے ہیں۔ انہیں بدھ کے روز ایک نئی منقسم کانگریس کا سامنا کرے گا، جس میں ایوان نمائندگان کا کنٹرول ری پبلیکنز کے ہاتھ میں ہوگا۔ جب کہ ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں معمولی برتری حاصل ہوگی۔

ری پبلیکن راہنما پہلے ہی صدر اوباما کے صحت کے نظام کی اصلاحات کے قانون کی واپسی کے لیے اپنی کوششوں کا اعلان کرچکے ہیں۔

تاہم تجریہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس مہم کی کامیابی کا امکان محدود ہے کیونکہ اس کے لیے ڈیموکریٹ اکثریت کی حامل سینیٹ اور صدر اوباما کی منظوری درکار ہوگی۔

XS
SM
MD
LG