دفاعی چیمپئن ورلڈ نمبر ایک سربیا کے نواک جوکووچ کندھے میں تکلیف کے باعث یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
اتوار کو سوئٹزر لینڈ کے سٹین واورینکا کے خلاف چوتھے مرحلے کے میچ کے دوران وہ کھیل سے اس وقت دستبردار ہو گئے جب انہیں ممکنہ شکست کا سامنا تھا۔
نواک جوکووچ کے اس اقدام پر شائقین نے مایوسی کا اظہار کیا تاہم نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے شائقین سے معذرت کر لی۔
نواک جوکووچ کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے بائیں کندھے میں تکلیف محسوس کر رہے تھے۔
ان کے بقول وہ علاج کروا رہے ہیں تاہم تکلیف بڑھتی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شائقین پورا میچ دیکھنے آئے تھے تاہم لوگوں کو یہ اندازہ نہیں ہوتا کہ اصل صورت حال کیا ہے۔
جوکووچ گزشتہ 37 میں سے 36 میچوں میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ جب کہ چند برس کے دوران پانچ گرینڈ سلم فائنلز میں سے چار انہوں نے اپنے نام کیے ہیں۔
وہ اب تک 16 گرینڈ سلم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔ جوکووچ سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر سے چار جب کہ اسپین کے رافیل نڈال سے دو ٹائٹل پیچھے ہیں۔ جنہوں نے بالترتیب 20 اور 18 گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کر رکھے ہیں۔
جوکووچ کا کہنا تھا کہ وہ پر امید ہیں کہ کھیل میں جلد واپس آئیں گے۔
ان کے بقول "یہ ضروری ہے کہ میں اپنے جسم اور دماغ کو مزید کھیلنے کے لیے متحرک رکھ سکوں اور اس کے لیے کوشش جاری رکھوں گا۔"
شائقین پرجوش تھے کہ سیمی فائنل میں انہیں جوکووچ اور راجر فیڈرر کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا تاہم جوکووچ کی دستبرداری کے بعد یہ امیدیں بھی دم توڑ گئیں ہیں۔
ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز کے مطابق اپنے کیریئر میں جوکووچ مجموعی طور پر 13 مرتبہ جب کہ گرینڈ سلم مقابلوں میں چھٹی دفعہ میچ کے دوران کھیل سے دستبردار ہوئے ہیں۔