رسائی کے لنکس

امریکہ: شمال مشرقی ریاستوں کو شدید برفانی طوفان کا سامنا


نیو یارک، نیوجرسی، کنیٹی کٹ اور میساچیوسٹس کی ریاستوں میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا گیا ہے، جہاں کے لاکھوں مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھر سے باہر نہ نکلیں، جب کہ ریل اور بسوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے

امریکہ کے شمال مشرقی علاقے میں پیر کے دِن ہونے والی موسم سرما کی شدید برف باری اور طوفان کے نتیجے میں، سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

خراب موسم کے باعث، ہزاروں کی تعداد میں فضائی پروازیں منسوخ ہوئیں، عوامی سفری سہولیات محدود ہو کر رہ گئی ہیں، جب کہ سینکڑوں اسکول بند کردیے گئے ہیں۔ ادھر، محکمہ موسمیات نےمنگل کی صبح تک علاقے میں مزید تین فٹ برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق، نیو یارک، نیوجرسی، کنیٹی کٹ اور میساچیوسٹس کی ریاستوں میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا گیا ہے، جہاں کے لاکھوں مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھر سے باہر نہ نکلیں، جب کہ ریل اور بسوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔

پیر کے دِن واشنگٹن، ورجینیا اور میری لینڈ کے سرکاری دفاتر میں حاضری کم رہی، اسکول بند رہے جب کہ مارکیٹیں یا تو بند رہیں یا پھر خرید و فروخت بری طرح متاثر رہی۔

پیر کی شام، بوسٹن سے لے کر ورجینیا تک ہلکی یا تیز برف باری ہوتی رہی۔ اہل کاروں کے مطابق، پیر کی رات پنسلوانیہ، ڈلاویر اور میری لینڈ، کے علاوہ واشنگٹن اور ورجینیا میں کم درجے سے لے کر شدید سطح کی برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادھر، نیویارک کے میئر بِل ڈی بلاسیو نے اعلان کیا ہے کہ 'تاریخی سطح کا' برفانی طوفان منگل کی صبح تک شہر کو زد میں لاسکتا ہے، جس تازہ ترین چیلنج سے نمٹنے کے لیے ضروری کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

محکمہ موسیمات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پیر کی رات اور منگل کو نیویارک سٹی اور نیوجرسی اور کنیٹی کٹ کے ساحلی علاقوں کو شدید برف باری کا خطرہ ہے۔

XS
SM
MD
LG