رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کی ایک اور جوہری تجربہ کرنے کی دھمکی


شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنرل اسمبلی میں خطاب کا جواب دے رہے ہیں (یہ تصویر شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے جاری کی ہے)
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنرل اسمبلی میں خطاب کا جواب دے رہے ہیں (یہ تصویر شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے جاری کی ہے)

شمالی کوریا نے اب تک اپنے تمام جوہری تجربے زیرِ زمین ایک محفوظ تنصیب میں کیے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ اس نے بحرالکاہل کی کھلی فضا میں جوہری تجربے کی دھمکی دی ہے۔

شمالی کوریا نے عندیہ دیا ہے کہ وہ جلد بحرالکاہل میں ایٹم بم کا ایک اور تجربہ کرسکتا ہے۔

شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان بحرالکاہل میں ہائیڈروجن بم کے تجربے کا حکم دے سکتے ہیں۔

شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں جو اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے رواں ہفتے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ نے یہ بیان کم جونگ ان کے اس بیان کے بعد دیا ہے جس میں انہوں نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو "خبط الحواس" قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنی دھمکیوں کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔

منگل کو جنرل اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اس نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو دھمکیاں دینا بند نہ کیں تو وہ شمالی کوریا کو صفحۂ ہستی سے مٹادیں گے۔

انہوں نے کم جونگ ان کو "راکٹ مین" قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود کشی کے سفر پر ہیں جس کا انجام سوائے تباہی کے اور کچھ نہیں ہوگا۔

جمعے کو اپنے ردِ عمل میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان نے ثابت کردیا ہے کہ شمالی کوریا کا جوہری پروگرام "صحیح راستے پر ہے۔"

انہوں نے دھمکی دی کہ وہ امریکہ کے خلاف "تاریخ کے سخت ترین جوابی اقدامات کریں گے" اور "خبطی امریکی بوڑھے کو آگ سے جواب دیں گے۔"

شمالی کوریا نے تین ستمبر کو جوہری بم کا اپنا چھٹا تجربہ کیا تھا جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ ہائیڈروجن بم تھا۔

تجربے کے جواب میں اقوامِ متحدہ نے شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیاں مزید سخت کردی ہیں جب کہ پیانگ یانگ کی جانب سے مسلسل میزائل تجربات کے باعث خطے کی صورتِ حال انتہائی کشیدہ ہے۔

شمالی کوریا نے اب تک اپنے تمام جوہری تجربے زیرِ زمین ایک محفوظ تنصیب میں کیے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ اس نے بحرالکاہل کی کھلی فضا میں جوہری تجربے کی دھمکی دی ہے۔

اس تجربے کے نتیجے میں بحرالکاہل میں موجود جزائر انتہائی خطرناک تابکاری کا نشانہ بھی بن سکتے ہیں جب کہ دھماکے سے پیدا ہونے والی الیکٹرو میگنیٹک لہروں کے باعث خطے کے برقی نظام اور تنصیبات کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG