رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کا جوہری اور میزائل تجربات 'روکنے' کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے جوہری تجربات کو معطل کردیا ہے اور جوہری تجربات کے لیے استعمال ہونے والی تنصیب کو بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

شمال کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ فوج بھی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے تجربات معطل کر رہی ہے اور یہ اقدام ہفتہ سے شروع ہو گیا ہے۔

اعلان میں مزید کہا گیا کہ حکومت اپنی قومی توجہ اقتصادیات کی بہتری کی طرف موڑ رہی ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اعلان کا خرمقدم کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ اعلان "شمالی کوریا اور دنیا کے لیے بہت اچھی خبر ہے"، اور ان کے بقول وہ مذاکرات کے منتظر ہیں۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب آئندہ ہفتے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن جنوبی کوریا کے صدر مون جئی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ امریکہ اور شمالی کوریا بھی مذاکرات کی تیاری کر رہے ہیں گو کہ اس بارے میں کسی حتمی تاریخ کا اعلان سامنے نہیں آیا۔

جنوبی کوریا کے صدر کے دفتر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کا یہ فیصلہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے "بامعنی پیش رفت" ہے۔

ایک ترجمان یون یونگ چن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ "یہ جنوب اور شمال کے مذاکرات اور شمال اور امریکہ کے مذاکرات کے مثبت ماحول پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کرے گا۔"

جمعہ کو دونوں کوریائی ملکوں نے اپنے راہنماوں کے مابین ایک ہاٹ لائن کا آغاز بھی کیا اور اسی روز امریکی وزیردفاع جم میٹس نے اپنے جاپانی ہم منصب سے پینٹاگان میں ملاقات میں شمالی کوریا کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

میٹس کا کہنا تھا کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان ممکنہ بات چیت واشنگٹن کے ٹوکیو سے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو گی۔

XS
SM
MD
LG