رسائی کے لنکس

کم جونگ اُن کا فوج کو جنگ کے لیے تیار رہنے کا حکم


شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان نے اپنی فوج کو چوکس کر دیا ہے اور انہوں نے جمعہ کو اگلے محاذوں پر "نیم جنگی حالت"کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے بعد سامنے آیا ہے۔

کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کی مرکزی فوجی کمشین کے اجلاس کے بعد مسٹر کم نے کہا کہ جمعہ کومقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کے بعد اگلے محاذوں پر تعینات یونٹیں"ایک جنگی حالت" میں داخل ہو جائیں گی۔

پیانگ ینگ کی طرف سے 2010 سے 2012 کے زیادہ کشیدہ دور سمیت ماضی میں بھی اس طرح کے اعلانات سامنے آتےرہے ہیں۔ دونوں ممالک 1950 کی دہائی میں امن معاہدے کے بجائے جنگ بندی کے تحت جنگ ختم کرنے کے بعد سے ابھی تک تکنیکی طور پر حالت جنگ میں ہیں۔

جمعرات کو تشدد اس وقت شروع ہو ا جب شمالی کوریا نے مغری سرحد کے ساتھ جنوبی کوریا کی فوجی پوزیشنز پر گولہ باری کی۔ جنوبی کوریا کی طرف سے بھی جواب میں درجنوں توپ کے گولے فائر کیے گیے۔

دونوں فریقوں کی طرف سے اس گولے باری کی وجہ سےکسی نقصان یا کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ توپ کے یہ گولے اس چار کلومیٹر طویل غیر فوجی علاقے میں گرے جو دونوں کوریائی ممالک کو جدا کرتا ہے۔

سیول کی طرف سے پیانگ ینگ پر سرحد کے قریب بارودی سرنگیں بچھانے کے الزام کے بعد دونوں کوریائی ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ اس ماہ ان بارودی سرنگون کی پھٹنے کی وجہ سے جنوبی کوریا کے دو فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔ اس واقعہ کے بعد سیول نے سرحد کے قریب پیانگ ینگ کے خلاف لاؤڈاسپیکروں ک ذریعے پرپیگنڈا شروع کر دیا۔

شمالی کور یا نے جمعرات کو دھمکی دی کہ اگر جنوبی کوریا نے یہ پروپیگنڈا آئندہ 48 گھنٹوں کے اندربند نہ کیا تو وہ مزید فوجی کارروائی کرے گا۔ تاہم جنوبی کوریا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کہ یہ نشریات جاری رہیں گی۔

شمالی کوریا گولہ باریسے انکاری ہے ۔ جنوبی کوریا کی یونیفیکیشن کی وزارت کے ترجمان جیونگ جونہی کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے جارحانہ اقدام "واضع" ہیں۔

امریکہ نے جمعرات کو کہا کہ اسےسرحد کے آرپار ہونے والے تشدد پر تشویش ہے اور واشنگنٹن میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ صورت حال پر قریب سےنظر رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے بقول ان کے ایسے جارحانہ اقدامات صرف کشیدگی میں اضافے کا باعث بنتے ہیں ۔ انہوں نے پنانگ یانگ پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات اور بیان بازی سے گریز کرے۔

جنوبی کوریا نے بھی اپنی فوجی تیاری کی بلند سطح کو الرٹ کر دیا ہے ۔ جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کا اجلاس صدر پارک گیون کی صدرات میں ہوا جس میں سرحدی علاقے میں شمالی کوریا کی طرف سے گولہ باری کے معاملے پر غور کیا گیا ۔جمعہ کو صدر گیوں نے سیول کے جنوب میں واقع تھڑڈ آرمی ہیڈ کواٹر کا بھی دورہ کیا۔

جنوبی کوریا نے کیسانگ کے مشترکہ صنعتی پارک میں میں داخلے کو محدود کر دیا جو سرحد کے شمال میں واقع ہے۔

XS
SM
MD
LG