رسائی کے لنکس

چھ ممالک کا نوبیل امن ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار


چھ ممالک کا نوبیل امن ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار
چھ ممالک کا نوبیل امن ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار

چین سمیت چھ ممالک کی جانب سے چینی باشندے لیو ژیائوبو کو امن کا نوبیل انعام دینے کیلیے منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کے دعوت نامے رد کردیے گئے ہیں۔

ناروے کی نوبیل ایوارڈ کمیٹی کے سیکریٹری جیر لنڈیسٹاڈ نے جمعرات کے روز صحافیوں کو بتایا کہ کمیٹی کی جانب سے رواں سال کے امن کے نوبیل انعام دیے جانے کی تقریب میں شرکت کیلیے کل 58 ممالک کو دعوت نامے جاری کیے گئے تھے جن میں سے 36 نے دعوت نامے قبول کرلیے ہیں جبکہ 16 نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

لنڈیسٹاڈ کے مطابق چین، روس، قازقستان، کیوبا، مراکش اور عراق نے 10 دسمبر کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہونے والی تقریب میں اپنے نمائندے بھیجنے سے انکار کردیاہے۔

واضح رہے کہ چینی حکومت کی جانب سے مختلف ممالک کو نوبیل انعام دیے جانے کی تقریب کے بائیکاٹ پر آمادہ کرنے کی کوششیں کی جارہی تھیں۔ شرکت پر آمادگی کا اظہار کرنے والے بیشتر ممالک کا تعلق مغربی دنیا سے ہے۔

اس سال کا نوبیل ایوارڈ برائے امن حاصل کرنے والے لیو ژیائوبو کا شمار چینی حکومت کے ناقدین میں ہوتا ہے اور وہ چین میں جمہوری حقوق کی حمایت میں ایک اعلامیہ تحریر کرنے کے جرم میں اس وقت ایک چینی قید خانے میں گیارہ سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ نوبیل کمیٹی کی جانب سے لیو کی اس سال کے امن انعام کیلیے نامزدگی کے بعد سے چینی حکام نے ان کی اہلیہ کو بھی ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر رکھا ہے۔

نوبیل کمیٹی کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ امن ایوارڈ دیے جانے کی تقریب میں شرکت کیلیے لیو کے رشتہ داروں کو چینی حکام کی جانب سے اوسلو آنے کی اجازت ملنا ناممکن نظر آتا ہے۔ لنڈیسٹاڈ کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود تقریب حسبِ پروگرام منعقد ہوگی تاہم لیو کی جانب سے کسی قریبی عزیز کے شریک نہ ہونے کی صورت میں امن ایوارڈ، اس کے ساتھ دیا جانے والا سرٹیفیکٹ اور 14 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم عطا نہیں کی جائے گی۔

اگر ایسا ہوا تو یہ نوبیل امن ایوارڈ کی 109 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب تقریب کے دوران ایوارڈ نہیں دیاجائےگا۔ اس سے قبل تین مواقع پر امن ایوارڈ کے حقدار قرار دیے جانے والے افراد نے اوسلو میں ہونے والی تقریب میں شرکت سے معذوری پر اپنے نمائندگان کے ذریعے اعزازات وصول کیے تھے.

XS
SM
MD
LG