ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ اہلکاروں اور کانگریس میں ڈیموکریٹ پارٹی کے عہدے داروں کے درمیان 'شٹ ڈائون' کے معاملے پر ہفتے کو ہونے والی بات چیت تعطل ختم کرنے میں ناکام رہی۔ سرحدی دیوار کی مجوزہ تعمیر کے تنازع پر حکومتی کاروبار کی جزوی بندش کو دو ہفتے ہو چکے ہیں۔ تاہم، وہ اتوار کو دوبارہ ملاقات کریں گے۔
امریکہ کی میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے صدر ڈونالڈ ٹرمپ 5.6 ارب ڈالر طلب کر رہے ہیں، جب کہ ڈیموکریٹ نے، جنھیں اب ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل ہے، اس ہفتے ایک بِل منظور کیا جس میں دیوار کی تعمیر کے لیے درکار اضافی رقوم کی منظوری نہیں دی گئی۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ تب تک اِس قانون سازی پر دستخط نہیں کریں گے، جب تک دیوار کی تعمیر کے لیے رقوم فراہم نہیں کی جاتیں۔
ہفتے کے روز ہونے والے اس اجلاس میں ڈیموکریٹس کے ساتھ مذکرات میں نائب صدر مائیک پینس نے انتظامیہ کی ٹیم کی قیادت کی۔
اجلاس کے بارے میں پینس کے ایک مشیر نے بتایا کہ ملاقات ''اچھی'' رہی۔ لیکن، اس میں ''ڈالر کی رقم کے معاملے پر کوئی تفصیلی گفتگو نہیں ہو پائی''۔
وائٹ ہائوس کے قائم مقام چیف آف اسٹاف، مِک ملونی نے 'سی این این' کو بتایا کہ ''ملاقات میں کوئی خاص پیش رفت حاصل نہیں ہوئی، جو میرے لیے حیران کُن ہے''۔
دونوں فریق نے اتوار کو پھر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔
ڈیموکریٹ پارٹی کے ایک مشیر جنھیں ملاقات کے بارے میں علم تھا بتایا ہے کہ ڈیموکریٹ عملے نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ حکومت کھولیں، یہ استدلال پیش کرتے ہوئے کہ جب تک حکومت بند رہے گی سرحدی سکیورٹی کے متنازع معاملے پر پیش رفت کا حصول مشکل ہوگا۔
(فائل)
مشیر نے کہا کہ برعکس اس کے انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ ''اپنی یکطرفہ تجویز کے حق میں کوئی وزنی دلیل دے، جس بہانے پر ٹرمپ نے شٹ ڈائون کا آغاز کیا''۔
دونوں فریق اپنے اپنے موقف پر اڑے رہے ہیں، جب کہ دو ہفتوں سے حکومتی بندش کی بنا پر وفاقی حکومت کے ایک چوتھائی ملازمین متاثر ہیں، اور یوں 800000 سرکاری ملازمین کو اجرت نہیں مل سکی۔
ٹرمپ کے داماد اور اُن کے اعلیٰ مشیر، جیرڈ کوشنر نے بھی وائٹ ہائوس کے اجلاس میں شرکت کی، جب کہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹن نیلسن اور ملونی شریک تھے۔
اُنھوں نے کانگریس میں ڈیموکریٹ پارٹی کے چوٹی کے اعلیٰ عملے سے مذاکرات کیے جن میں نینسی پلوسی اور سینیٹر چَک شومر شامل تھے۔
ایوانِ نمائندگان کی نئی ڈیموکریٹ اسپیکر، پلوسی نے اس ہفتے کہا تھا کہ دیوار سے متعلق ٹرمپ کی تجویز ''غیراخلاقی'' ہے جس پر ''پیسےضائع'' ہوں گے۔