رسائی کے لنکس

شمالی کوریا: سیارہ خلا میں بھیجنے کا اعلان


شمالی کوریا نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ وہ سابق آنجہانی صدر کم ال سنگ کی 100ویں سن پیدائش کے موقع پر آئندہ ماہ مصنوعی سیارہ خلا میں بھیجے گا۔

کم ال سنگ کا 100واں سن پیدائش 15 اپریل کو ہو گا۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر ملک کی ’کمیٹی فار سپیس ٹیکنالوجی‘ کے ترجمان نے کہا کہ زمین کا جائزہ لینے والے سیارے ان ہا-3 (Unha-3) کو راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا جائے گا۔

شمالی کوریا نے کہا کہ سیارے کو خلا میں بھیجنے کے لیے محفوظ طریقے کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ راکٹ کے ملبے کا پڑوسی ممالک پر کوئی اثر نا پڑے۔

تین سال قبل 2009ء میں سیارہ بھیجنے کے لیے اسی طرح کے تجربے کی عمومی طور پر مذمت کی گئی تھی کیوں کہ یہ کہا جا رہا تھا کہ اس ٹیسٹ کا مقصد طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کرنا تھا۔

پیانگ یانگ نے گزشتہ ماہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے تجربات کو معطل کر دیا تھا اور یہ فیصلہ اس معاہدے کے بعد کیا گیا جس کے تحت امریکہ شمالی کوریا کو دو لاکھ 40 ہزار ٹن خوراک فراہم کرے گا۔

XS
SM
MD
LG