رسائی کے لنکس

بوکو حرام کے قبضے سے 234 خواتین اور بچے بازیاب


فوجی حکام کے مطابق تازہ کارروائی نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے سیمبیسا کے جنگلات میں چھپے شدت پسندوں کے خلاف کی گئی۔

نائیجیریا میں فوج نے بتایا ہے کہ شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی قید سے مزید 234 خواتین اور بچوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

اس سے قبل رواں ہفتے ہی نائیجیریا کی حکومت نے 200 لڑکیوں اور 93 خواتین کو بازیاب کروایا تھا، جسے حکومت نے دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا تھا۔

فوجی حکام نے تازہ کارروائی کے بارے میں سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ کارروائی نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے سیمبیسا کے جنگلات میں چھپے شدت پسندوں کے خلاف کی گئی۔

بازیاب کروائی گئی خواتین اور بچوں کی شناخت سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا، یہ واضح نہیں کہ کیا ان میں گزشتہ سال نائیجیریا کے علاقے چیبوک کے ایک اسکول سے اغواء کی گئی طالبات بھی شامل ہیں یا نہیں۔

حکام کے مطابق نائیجیریا میں بوکو حرام کی کارروائیوں میں گزشتہ چند سالوں کے دوران لگ بھگ 15 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

نائیجیریا میں مارچ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ملک کے موجودہ صدر گڈلک جوناتھن کے مقابلے میں محمد بخاری کو کامیابی ملی تھی۔

گڈلک جوناتھن 29 مئی کو منصب صدارت سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ نو منتخب صدر بخاری بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ بوکو حرام کو شکست دینے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG