عینی شاہدین نےشمالی نائیجیریا کے سب سے بڑے شہرکانو میں کئی دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کی اطلاع دی ہے۔
نائیجیریا کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایک کارسوار خود کش حملہ آور نے پولیس کے صدر دفتر کو نشانہ بنایا ہے جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری ٹی وی نے ایک پولیس تھانے اور امیگریشن کے دفتر پر بھی حملوں کی خبر دی ہے۔
کانو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس کے صدر دفتر پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں عمارت کی چھت منہدم ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ شمالی نائیجیریا میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران بم دھماکوں اور فائرنگ کے کئی واقعات پیش آئے ہیں جن کی ذمہ داری حکام ایک سخت گیر مذہبی تنظیم 'بوکو حرام' پر عائد کرتے ہیں۔
پرسراریت کے پردوں میں گھری یہ تنظیم خود بھی کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کرچکی ہے۔
نائیجیریا کے صدر گڈلک جوناتھن تنظیم کا قلع قمع کرنے کے عزم کا اظہار کرتے آئے ہیں اور گزشتہ ماہ انہوں نے امن کے قیام کے لیے 15 علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے وہاں فوجی دستے تعینات کردیے تھے۔