رسائی کے لنکس

سلیمان تاثر کی یاد میں نیویاک میں تقریب


سلیمان تاثر کی یاد میں نیویاک میں تقریب
سلیمان تاثر کی یاد میں نیویاک میں تقریب

نیو یارک میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک شاخ نے جمعے کی شام پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر اور ذوالفقار علی بھٹو کے لیے قران خوانی اور دعائے مغفرت کی جس میں برفباری کے باوجود ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سلمان تاثیر کے قتل کی مذمت کی گئی اور اسے جمہوری اقدار کے خلاف قرار دیا گیا۔

وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و پارلیمانی امور مہرین انور راجہ بھی مہمانوں میں شامل تھیں۔ پارٹی کے مقامی قائم مقام صدر خالد اعوان کے مطابق پیپلز پارٹی کے پرانے کارکنوں کے علاوہ بعض دوسرے شہروں سے بھی لوگ قرآن خوانی کے لیے آئے۔

وکلاء تحریک، گلگلت بلتستان کی سوہنی وطن تنظیم اور پاکستان یو ایس اے فریڈم فورم کے نمائندوں نے بھی قران خوانی میں شرکت کی۔

سلمان تاثیر کو پاکستان کے توہین رسالت قوانین کی مخالفت پر اسلام آباد میں ان کے اپنے سیکورٹی گارڈ نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

توہین رسالت کا قانون پاکستان میں عرصے سے متنازعہ رہا ہے اور حال ہی میں پنجاب کی ایک عدالت کی طرف سے ایک عیسائی خاتون آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے جرم میں پھانسی کی سزا کے بعد ایک دفعہ پھر اس قانون پر ملک کے مذہبی اوراعتدال پسند حلقوں میں بحث شروع ہو گئی تھی۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی بے قصور ہیں اور پاکستان میں توہین رسالت پر لوگوں کے جذبات اس قدر بھڑک جاتے ہیں کہ مقامی سطح پر کام کرنے والے جج بعض اوقات اپنی جان کے خوف سے ملزم کے خلاف فیصلہ سنا دیتے ہیں۔

ماضی میں توہین رسالت کے ملزمان کا مقدمہ لڑنے والے وکلاء پر حملے ہو چکے ہیں یا انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔

سلمان تاثیر نے نہ صرف آسیہ بی بی سے ملاقات کی تھی بلکہ صدر آصف زرداری سے ان کو معافی دلوانے کے لیے کوششیں بھی کی تھیں جس کی وجہ سے مذہبی حلقے ان سے ناراض تھے۔

XS
SM
MD
LG