رسائی کے لنکس

وائرل بچے کی حیرت انگیز کہانی


نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اجلاس کی صدارت کرنے کے دوران ایک رکن اسمبلی کے بچے کو بوتل سے دودھ پلا رہے ہیں۔ 22 اگست 2019
نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اجلاس کی صدارت کرنے کے دوران ایک رکن اسمبلی کے بچے کو بوتل سے دودھ پلا رہے ہیں۔ 22 اگست 2019

نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر تریورمیلرڈ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اجلاس کی صدرات کرنے کے دوران ایک ماہ کے بچے کو گود میں لیے اسے بوتل سے دودھ پلا رہے ہیں اور اسے بہلا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ اسپیکر کو یہ تجربہ تو ہوتا ہے کہ اسمبلی کے ارکان کو چپ کیسے کرانا ہے۔ لیکن میلرڈ نے یہ ثابت کیا ہے کہ انہیں بچوں کو بہلانے اور انہیں چپ کرانے کا ہنر بھی آتا ہے۔

میلرڈ نے اسمبلی کے اجلاس کے بعد بچے کو دودھ پلانے کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج ایک وی آئی پی شخصیت نے میرے ساتھ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کی۔

یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسپیکر کے اس اقدام کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔

یہ بچہ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک رکن اسمبلی ٹماٹی کوفی کا ہے جو بچے کی پیدائش سے سلسلے میں ایک مہینے کی چھٹی کے بعد اپنے بچے کے ساتھ واپس آئے تھے۔

نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کے رکن ٹیماٹی کوفی جو بچے کی قانونی ماں بھی ہے۔
نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کے رکن ٹیماٹی کوفی جو بچے کی قانونی ماں بھی ہے۔

یہ بات تو اپنی جگہ دلچسپ ہے ہی کہ اسپیکر اجلاس کی صدرات کے دوران بچے کو بوتل سے دودھ پلا رہا ہے لیکن اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیماٹی کوفی بچے کا باپ نہیں بلکہ ماں ہے۔ مگر وہ عورت نہیں بلکہ ایک مرد ہے۔

ماں اس لیے ہے کیونکہ وہ ایک ہم جنس پرست ہے اور اس نے ایک مرد ٹم سمتھ سے شادی کر رکھی ہے۔ نیوزی لینڈ ان ملکوں میں شامل ہے جہاں ہم جنس شادی کی قانونی طور پر اجازت ہے۔

دو مردوں کی اس شادی میں ٹم سمتھ کی قانونی حیثیت خاوند کی ہے جب کہ ٹیماٹی کوفی مرد ہونے کے باوجود اس کی قانونی بیوی ہے۔

ٹیماٹی کوفی صرف پارلیمنٹ کا ممبر ہی نہیں ہے بلکہ اس کی شہرت ٹیلی وژن کے ایک معروف اینکر کے طور پر بھی ہے۔ وہ ٹی وی سٹار کی حیثیت اپنی ایک پہچان رکھتا ہے اور کئی ایوارڈ جیت چکا ہے۔ تاہم سیاست میں آنے کے بعد اس نے ٹیی وژن چھوڑ دیا تھا۔

کوفی اور سمتھ دس سال سے زیادہ عرصے سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔ انہوں نے 2012 میں باقاعدہ شادی کی۔ اب دونوں نہ صرف ایک ساتھ رہتے ہیں بلکہ کئی کاروباروں میں وہ میاں بیوی کی طرح شراکت دار بھی ہیں۔

اب آپ پوچھیں گے کہ دو مردوں کا بچہ کہاں سے آ گیا۔

ٹیماٹی کوفی کا کہنا ہے کہ یہ ایک معجزہ ہے۔

تاہم یہ معجزہ بھی نہیں ہے کیونکہ بچہ ایک عورت نے ہی پیدا کیا اور ایک عورت ہی بچے کی ماں ہے۔ تاہم بچے کی ماں اور بچہ پیدا کرنے والی کا بچنے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی بچے پر کوئی قانونی حق ہے۔ کیونکہ بچہ مستعار لی گئی یا کرائے پر لی گئی کوکھ کے طریقے سے پیدا کیا گیا ہے۔

کوفی کا کہنا ہے کہ بچے کا حیاتیاتی باپ ٹم سمتھ ہے، جو اس کا شوہر ہے۔ جب کہ وہ بچے کی قانونی ماں ہے اور اسے ماں کے طور پر پالنا چاہتا ہے۔

اس نے کچھ عرصہ پہلے نیوزی لینڈ میگزین کو اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ فیملی شروع کرنا چاہتا ہے۔ وہ اپنے گھر کو ایک حقیقی گھر بنانا چاہتا ہے جہاں بچنے کی کلکاریاں بھی سنائی دیتی ہوں۔

ٹیمائی اور اس کا ہم جنس قانونی شوہر ٹم سمتھ اسپتال میں اپنے نوزائیدہ بچے اور اسے جنم دینے والی خاتون کے ساتھ۔ 11 جولائی 2019
ٹیمائی اور اس کا ہم جنس قانونی شوہر ٹم سمتھ اسپتال میں اپنے نوزائیدہ بچے اور اسے جنم دینے والی خاتون کے ساتھ۔ 11 جولائی 2019

ان کے بچے کی پیدا ئش 10 جولائی کو ایک اسپتال میں ہوئی جس کی تصویر اس نے اپنے فیس بک پیج پر شیئر کی۔

ٹیماٹی کوفی کی فیملی اب نہ صرف مکمل ہو چکی ہے بلکہ اس کا بیٹا ٹوٹنکائی سمتھ کوفی اتنے نصیبوں والا ہے کہ اسے ایک ماہ کی عمر میں نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں اسپیکر کی کرسی پر بیٹھنے اور اجلاس کی کارروائی چلانے کا اعزاز بھی مل گیا ہے۔ اجلاس بھی ایسا جس میں اسمبلی کے ارکان اس کے لیے خیر مقدمی جملے کہتے رہے۔

  • 16x9 Image

    جمیل اختر

    جمیل اختر وائس آف امریکہ سے گزشتہ دو دہائیوں سے وابستہ ہیں۔ وہ وی او اے اردو ویب پر شائع ہونے والی تحریروں کے مدیر بھی ہیں۔ وہ سائینس، طب، امریکہ میں زندگی کے سماجی اور معاشرتی پہلووں اور عمومی دلچسپی کے موضوعات پر دلچسپ اور عام فہم مضامین تحریر کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG