رسائی کے لنکس

نیویارک میں 16 ہزار اموات کا خدشہ ہے، گورنر


Andrew Cuomo
Andrew Cuomo

نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے ان کی ریاست میں 16 ہزار اموات کا خدشہ ہے۔ انھوں نے یہ بات بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ماہرین کے قائم کیے گئے اندازوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہی، جن کے مطابق عالمگیر وبا امریکہ میں 93 ہزار افراد کی جان لے سکتی ہے۔

گورنر کومو نے کہا کہ ماہرین کے مطابق وبا پر قابو پائے جانے تک نیویارک میں 16 ہزار ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔ جولائی تک جانی نقصان میں کمی آںے کا امکان نہیں۔

اب تک امریکہ میں کرونا وائرس کے 2 لاکھ 13 ہزار سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 75 ہزار کا تعلق نیویارک سے ہے۔ امریکہ میں 4700 سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں جن میں 1900 سے زیادہ نیویارک میں ہوئی ہیں۔

گورنر کومو نے مستقبل میں ہلاکتوں کے اندازے پر شک کا اظہار کیا کیونکہ اس وقت ملک میں نصف اموات نیویارک میں ہورہی ہیں تو وبا کے ختم ہونے تک یہ تعداد صرف 16 فیصد کیسے رہ جائے گی۔ لیکن پھر انھوں نے کہا کہ ممکن ہے یہ دوسری ریاستوں کے لیے انتباہ ہو کہ یہ وائرس صرف نیویارک کا مسئلہ نہیں ہے۔ انھیں بھی ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ اگر آپ نیویارک میں 16 ہزار اموات کے اندازے کو درست سمجھتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ دوسری ریاستوں میں دسیوں ہزار افراد ہلاک ہوں گے۔

نائب صدر مائیک پینس کی قیادت میں کام کرنے والی کرونا وائرس ٹاسک فورس نے گیٹس فاؤنڈیشن کے ماہرین سے کہیں زیادہ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ منگل کو پریس کانفرنس میں ڈاکٹر فاؤچی اور ڈاکٹر ڈیبورا برکس نے کہا تھا کہ امریکی عوام نے احتیاطی تدابیر اختیار کیں تو ایک سے ڈھائی لاکھ اور بے احتیاطی برتی تو 15 سے 22 لاکھ تک ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG