کراچی —
پاکستانی معاشرے کی روایتی کہانیوں پر مبنی ڈراموں کے لئے جو نجی چینل سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق وہ ”ہم“ ہے۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ دنیا بھر میں پاکستانی ڈراموں کو شہرت دلانے میں پی ٹی وی سے بڑاکردار کسی کا نہیں ہوسکتا لیکن یہ بھی سچ ہے کہ آج اس روایت کو برقرار رکھنے میں ”ہم “ ٹی وی سب سے آگے ہے۔
یہی چینل اس بار ایک ایسی ہی نئی کہانی کے ساتھ ، نیاڈرامہ لے کر سامنے آرہا ہے جس میں ہمارے معاشرے کا رنگ سے نمایاں ہے۔ اس نئے ڈرامے کا نام ہے ”کدورت“۔
”کدورت “ کہانی ہے ایک آٹھ سالہ بچی میرا کی جس کی ماں اسے چھوڑ کر چلی جاتی ہے اور باپ دوسری عورت اور دو بچوں کو گھرلے آتا ہے اور میرا سے کہتا ہے کہ یہ تمہاری ماں اور بہن بھائی ہیں۔
میرا ذہنی طور پر ان لوگوں کوقبول نہیں کرپاتی لہذا روز نئے اختلافات سامنے آنے لگتے ہیں جن سے تنگ آکر میرا کو ہوسٹل میں شفٹ کرادیا جاتا ہے۔
باپ کا یہ عمل میرا کے دل کی ’کدورت ‘کو بڑھادیتا ہے ۔وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد جب واپس گھر جاتی ہے تواس کا روپ ہی بدلا ہوا ہوتا ہے ۔ اس روپ کو دیکھ کر سب حیران اور پریشان ہوجاتے ہیں ۔
آخر میرا کے ذہن میں کیا ہے اور وہ کرنا کیا چاہتی ہے‘یہی اس سیریل کاتانا بانا ہے۔ اسے تحریرکیا ہے زوہا حسن نے جبکہ ڈائریکٹرہیں عابس رضااور پیشکش مومنہ دُرید کی ہے۔
اداکار روں میں شامل ہیں :صنم سعید‘ مومل شیخ‘ عمران اسلم‘ دیپک پروانی ‘انجلین ملک‘ ندا‘ جنید خان اور عدنان جعفر ۔