دنیا میں یوں تو سینکڑوں موضوعات پر ہزاروں اور لاکھوں ٹی وی چینلز چل رہے ہیں تاہم برطانیہ سے نشر ہونے والا 'نور ٹی وی' اس لحاظ سے ممتاز ہے کہ اس کا مقصد دنیا کو اسلام کی صوفی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے اور یوں اپنے موضوع کے اعتبار سے یہ ایک منفرد ٹی وی چینل ہے۔
چینل کا بنیادی کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں اور غیر مسلموں بالخصوص نوجوانوں کے سامنے اسلام کا صحیح، روشن اور سچا رخ اجاگر کرنا ہے تاکہ اسلام کے بارے میں مغربی دنیا میں پائے جانے والے منفی خیالات کا سدِ باب کیا جاسکے۔
نور ٹی وی پر نشر کیے جانے والے پروگرامات اپنے تنوع کے اعتبار سے ہر عمر اور رجحان کے افراد کی دلچسپی کا سامان لیے ہوئے ہیں۔ تعلیم، طرزِ زندگی، موسیقی، قوالی، تفریح، ٹریول شوز، ڈرامے، تاریخی اور اسلامی موضوعات پر دستاویزی فلمیں، صوفی تعلیمات، بچوں کے پروگرامات، مدینہ سے براہِ راست نشر کی جانے والے مغرب اور عشاء کی نمازیں، قانونی امور پر ٹاک شوز سمیت بیسیوں ایسے پروگرامات کو اس طرح سے تیار کیا جاتا ہے کہ ان کے ذریعے ناظرین تک اسلام کا صحیح پیغام پہنچایا جاسکے۔
نور ٹی وی پر نشر کی جانے والی صوفی تعلیمات اور اعلیٰ درجے کی تاریخی دستاویزی فلموں کا مقصد اسلام کی بنیادی تعلیمات، ان کے دنیا کے طول عرض میں پھیلنے اور اسلامی تہذیب کے ارتقاء کے بارے میں معلومات کو عام کرنا ہے۔ ان پروگرامات کی بدولت مسلم نوجوانوں کو اپنے آباء کی تاریخ سے واقف ہونے اور اپنے مسلمان ہونے کی قدر و قیمت جاننے کا موقع ملتا ہے۔
نور ٹی وی کے قیام کا مقصد اسلام کے آفاقی دین کو مثبت اور انتہائی تعمیری انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے اور یورپ، ایشیاء، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور امریکہ میں سیٹلائٹ کے ذریعے نشریات پہنچانے والا یہ چینل اپنے مقصدِ میں کامیابی کی جانب بتدریج سفر کر رہا ہے۔