رسائی کے لنکس

نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین دارالحکومت بن گیا


بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں آلودگی کے خلاف مظاہرہ۔ 6 نومبر 2016
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں آلودگی کے خلاف مظاہرہ۔ 6 نومبر 2016

سن 2018 میں نئی دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا ہے۔ یہ رپورٹ آلودگی کو مانیٹر کرنے والے دو گروپس نے تیار کی ہے جو دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں آلودگی پر نظر رکھتے ہیں۔

دو کروڑ آبادی پر مشتمل ہندوستان کے دارالحکومت کے بعد بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کا نمبر ہے، جب کہ تیسرے نمبر پر آلودہ ترین دارالحکومت کابل ہے۔

یہ سٹڈی رپورٹ سوئٹزرلینڈ کے ایک گروپ آئی کیو ائیر ویژوئل اور گرین پیس نے جاری کی ہے جو دنیا بھر میں فضا کے معیار پر نظر رکھنے والا ایک ادارہ ہے۔

نئی دہلی میں فضائی آلودگی کا سبب گاڑیوں اور فیکٹریوں کا دھواں، نئی عمارتوں کی تعمیر سے پیدا ہونے والی گرد اور کچرا اور فصلوں کے جلانے سے پیدا ہونے والی آلودگی ہے۔

2018 کے دوران دہلی میں آلودگی PM2.5 کے مطابق 113.5 فی کیوبک میٹر تھی۔

ان دونوں گروپس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح بیجنگ سے دوگنی ہے، جہاں آلودگی کی سطح 50.9 فی کیوبک میٹر تھی۔ بیجنگ آلودگی کے عالمی پیمانے پر 2018 میں آٹھویں نمبر کا دارالحکومت قرار پایا۔

PM2.5 یا 2.5 مائیکرومیٹرز یا اس سے چھوٹے ذرات کو بہت زیادہ خطرناک قرار دیا جاتا ہے کیونکہ وہ پھیپھڑوں میں بہت گہرائی تک جا کر انہیں نقصان پہنچاتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق PM2.5 فی کیوبک میٹر فضا میں 25 مائیکروگرام ذرات کی موجودگی کو میعاری ہوا سمجھا جاتا ہے۔

چین کو اپنے ملک میں فضائی آلودگی سے نمٹنے میں طویل عرصہ لگا ہے اور وہاں نئے قوانین پر سخت عمل درآمد کے نتیجے میں فضائی آلودگی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے۔

اس گروپ کے مطابق ’’ گزشتہ چند برسوں کے دوران چین کے گنجان آباد علاقوں میں خصوصی طور پر PM2.5 کی سطح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔‘‘

دنیا کے آلودہ ترین 20 شہروں میں سے 15 کا تعلق بھارت سے ہے۔

گرین پیس انڈیا کے ترجمان پجارانی سین نے کہا کہ ’’آج کا سوال یہ ہے کہ کیا بھارت میں صحت کے مسائل اور آلودگی کا سبب بنے والے ایندھن اور عوامل کے نمٹنے کا سیاسی عزم موجود ہے؟‘‘

XS
SM
MD
LG