رسائی کے لنکس

سدھارتھ اور جیکولین کی نئی فلم ریلیز کے لیے تیار


فلم نئے دور کے تمام مصالحے لئے ہوئے ہے۔ اسے آسانی سے فارمولا فلم بھی کہا جاسکتا ہے۔ فلم ایک حسین اتفاق سے شروع ہوتی ہے اور اسی اتفاق کے گرد گھومتی رہتی ہے۔

بالی ووڈ ایکٹر سدھارتھ ملہوترا اور جیکولین فرنینڈس ان دنوں اپنی نئی ’ اے جنٹلمین‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں ۔دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس کی ریلیز کی تیاریاں مکمل ہیں۔

’اے جنٹلمین ‘ کو پاکستانی کمپنی ’فلم ڈسٹری بیوشن کلب‘25 اگست کو ریلیز کرے گی۔ وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کمپنی کی ترجمان سبین نے بتایا فلم کا ایک گانا ’ ڈسکو، ڈسکو‘ ابھی سے مشہور ہوگیا ہے ۔

سبین کے مطابق ’ڈسکو، ڈسکو‘ سدھارتھ اور جیکولین پر پکچرائز کیا گیا ہے اور گانے کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں دونوں کی کیمسٹری بہت جاندار رہی ہے۔

گانا ڈسکو میوزک میں ہے لیکن اسے ’دیسی ‘ انداز میں فلمایا گیا ہے ۔ ڈسکو میوزک پر دیسی انداز کا تڑکہ نیا تجربہ ہے ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گانا بھارت میں تو جگہ جگہ گنگنایا جارہا ہے اس لئے توقع ہے کہ فلم کو ہٹ کرنے میں یہ بہت اہم کردار اداکرسکے گا۔

اس گیت میں جیکولین کو گرین شمر کے خوبصورت اور ماڈرن طرز کے لباس کے ساتھ کرسٹن اسٹائل کے مشہور شوز پہنے دیکھا گیا جبکہ سدھارتھ ملہوترا بھی ڈینمس اسٹائل کا سوٹ پیس پہنے بہت دلکش انداز اپنائے دکھائی دے رہے ہیں۔

جیکولین پر ’ڈسکو، ڈسکو‘ سے پہلے’چھٹیاں کلائیاں۔۔‘‘ اور’’ جمعے کی رات ہے۔۔‘‘ جیسے پالولر گانے پکچرائز ہوچکے ہیں۔

فلم کی ہدایات راج ندی مورو اور کرشنا ڈی کے نے دی ہیں ۔فلم میں سدھارتھ کو دو کرداروں میں دکھایا گیا ہے، ایک ہے رشی اور دوسرا ہے گورو۔

فلم کا ایک اہم رول سنیل شیٹھی نے اداکیا ہے ۔ فلم کا ٹریلر گزشتہ روز ہی ریلیز ہوا ہے۔

ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ سنیل انڈر ورلڈ ڈان بنے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کا ایک بڑا حصہ بھارت سے باہر فلمایا گیا ہے۔

فلم نئے دور کے تمام مصالحے لئے ہوئے ہے۔ اسے آسانی سے فارمولا فلم بھی کہا جاسکتا ہے۔ فلم ایک حسین اتفاق سے شروع ہوتی ہے اور اسی اتفاق کے گرد گھومتی رہتی ہے۔ وہ اتفاق کیا ہے یہ فلم کی ریلیز تک سسپنس میں رہے تو بہتر ہے۔

کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ ’اے جنٹلمین‘ کئی ہالی ووڈ فلموں کا ’چربہ‘ ہے جیسے ٹام کروز کی ’نائٹ ڈے‘۔ اس پر پہلے بھی ایک بھارتی فلم ’بینگ بینگ ‘ بن چکی ہے۔

’امریکن الٹرا‘ نامی ایک فلم کی کہانی بھی ’اے جنٹلمین‘ ، سے ملتی جھلتی ہے۔

فلم میں میوزک دیا ہے سچن اور جگر نے ۔ فلم امریکہ میں بھی 25اگست کو ہی ریلیز ہونے جارہی ہے۔

اب یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ ڈائریکشن، پروڈکشن اور سدھار، جیکولین پرفارمنس کس حد تک دیکھنے والوں کو بھاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG