رسائی کے لنکس

نیپال میں ہاتھیوں کا 'مقابلہ حسن'


نیپال میں ہاتھیوں کا 'مقابلہ حسن'
نیپال میں ہاتھیوں کا 'مقابلہ حسن'

نیپال میں تین روز سے جاری آٹھواں بین الاقوامی ہاتھی میلہ 'ملکہ حسن' کے انتخاب کےساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

منتظمین کے مطابق میلے کے آخری روز منعقد ہونے والے ہاتھیوں کے 'مقابلہ حسن' میں 12 سالہ ہتھنی 'بیوٹی کالی' کامیاب قرار پائی۔

'بیوٹی کالی' گزشتہ برس ہونے والے مقابلہ حسن میں دوسرے نمبر پر آئی تھی تاہم اس بار ہتھنی کے مالکان نے اسےخوب سجا سنوار کر میلے کے شرکا کے سامنے پیش کیا۔

ہتھنی کے جسم پر خوب صورت نقش و نگار بنائے گئے تھے جب کہ اس کے ناخنوں کو بھی شوخ سرخ رنگ سے رنگا گیا تھا۔

جنوبی نیپال کے قصبے چِتوان میں ہر سال ہونے والے اس میلے کا مقصد سیاحت کا فروغ اور عالمی برادری کی توجہ نیپال میں ہاتھیوں کے تحفظ کی کوششوں کی جانب مبذول کرانا ہوتا ہے۔

میلے میں ہاتھیوں نے فٹ بال کھیلنے کے علاوہ اور کئی کرتب بھی پیش کیے جب کہ اس موقع پر ہاتھیوں کی دوڑ بھی منعقد ہوئی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی 'دی ایسوسی ایٹڈپریس' کے مطابق چِتوان کے علاقے کے لگ بھگ 10 ہزار رہائشیوں کا روزگار ہاتھیوں سے متعلق سیاحت سے منسلک ہے۔

واضح رہے کہ سیاحت نیپال کی چند بڑی صنعتوں میں سے ایک ہے۔ اس برس صرف چھ لاکھ غیر ملکی سیاحوں نے نیپال کا رخ کیا جو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ 10 لاکھ کے ہدف سے خاصا کم ہے۔

XS
SM
MD
LG