وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی تمام تر مصروفیات منسوخ کرکے دورہ لندن مختصر کرتے ہوئے فوری طور ہر وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری اعلان کے مطابق، وزیر اعظم آج ہی پاکستان روانہ ہو رہے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نے وزیر اعلی پنجاب سے رابطہ کرکے فوری احمد پور شرقیہ پہنچنے اور تمام تر امور کی نگرانی کے لئے وہیں قیام کی ہدایات کی ہیں۔
وزیر اعظم نے زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن کوشش کے احکامات جاری کیے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے بھی کہا ہے۔
اُنھوں نے کہا ہے کہ عیدالفطر سے پہلے سانحہ احمد پور شرقیہ نے پوری قوم کو رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
میان ںواز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ فوری طور پر بہاولپور پہنچ گئے ہیں، جہاں اُن کی زیر صدارت انتظامیہ کا اجلاس ہوا، جس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے بارے میں بریفنگ دی اور وزیر اعلیٰ کو امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
کمشنر نے بتایا کہ امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کی منتقلی کیلئے چار ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں؛ جب کہ لاشوں کی شناخت کیلئے 'فرانزک' کی خصوصی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے۔
اجلاس کے بعد، وزیر اعلیٰ نے سانحہ احمد پور شرقیہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ہسپتالوں میں زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ بھی لیا۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور کے قریب احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر الٹ جانے سے لگنے والی آگ کے باعث140 افراد ہلاک، جبکہ 145 زخمی ہوگئے ہیں۔