رسائی کے لنکس

نواز شریف کی خرابی صحت کی بنیاد پر ضمانت کی نئی اپیل


نواز شریف، فائل فوٹو
نواز شریف، فائل فوٹو

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے العزیزیہ کیس میں درخواست ضمانت کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں ایک نئی اپیل دائر کر دی ہے۔

نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت کی جلد سماعت کے لیے اپیل دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 6 مارچ کو سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی تاہم اسے مسترد کردیا گیا تھا۔ لیکن نواز شریف کی صحت پہلے سے زیادہ خراب ہے۔ استدعا ہے کہ معاملے کی نزاکت اور بگڑتی صحت کے سبب کیس کو رواں ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

اس سے قبل سینئر وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ میں نواز شریف کی طرف سے درخواست دائر کی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت احتساب عدالت نمبر 2 کی جانب سے 24 دسمبر 2018 کو دی گئی 7 سال کی قید کی سزا معطل کرے اور ضمانت منظور کرے۔ اس وقت عدالت میں دائر درخواست میں ایک الگ سے درخواست بھی دائر کی گئی تھی، جس میں 6 مارچ کو درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

لیکن سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے جلدی سماعت کی درخواست کو اس بنیاد پر واپس کر دیا تھا کہ اس معاملے پر کوئی خاص توجہ نہیں دی جا سکتی اور معمول کے طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے 25 فروری کو نواز شریف کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا کہ نواز شریف کی کسی میڈیکل رپورٹ سے یہ بات ظاہر نہیں ہوتا کہ ان کی خراب صحت ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ فیصلے میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ جب بھی انہیں خراب صحت کی شکایت ہوئی انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید جب کہ ڈیڑھ ارب روپے اور 25 ملین ڈالر جرمانے کا حکم سنایا تھا۔

نوازشریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی دس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی لیکن اس کیس میں انہیں ضمانت دے دی گئی جس کے بعد وہ اس وقت العزیزیہ ریفرنس میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے لیکن نوازشریف نے حکومتی رویے کے باعث کسی بھی اسپتال میں منتقل ہونے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد اب ان کے لیے اسپتال میں ہی باقاعدہ ڈاکٹرز کی ڈیوٹی لگا کر ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG