رسائی کے لنکس

برطانیہ میں اسلامی بیداری کا ہفتہ


برطانیہ کےصنعتی شہر مانچسٹرمیں بین الاقوامی شہرت یافتہ کینیڈین موسیقار، گلوکار اورسماجی کارکن داود وارنسبی علی کےساتھ نعتیہ کلام کی ایک شام 'برٹش مسلم ہیریٹیج سینٹر' میں منعقد کی گئی ۔

برطانیہ میں اسلامک سوسائٹی آف بریٹن کے زیر اہتمام پیر سے شروع ہونے والے اسلامی بیداری ہفتے کی خصوصی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں صنعتی شہر مانچسٹر میں بین الاقوامی شہرت یافتہ کینیڈین موسیقار، گلوکار اور تعلیمی کارکن داود وارنسبی علی کے ساتھ نعتیہ کلام کی ایک شام 'برٹش مسلم ہیریٹیج سینٹر' میں منعقد کی گئی۔

رواں برس سالانہ اسلامی بیداری ہفتے کی تقریبات کا عنوان 'اپنی ذات کا عطیہ کرنا ہے' جس کے تحت لوگوں کو انسانی اعضاء عطیہ کرنے، خون کا عطیہ کرنے اور سماجی کاموں میں حصہ لینے کے لیے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد چیریٹی تنظیموں کے نمائندوں نے مقامی تنظیموں کے تحت چلنے والی صدقہ و خیرات مہم اور دیگر فلاحی پروگراموں کی تفصیلات بتائیں۔مقررین نے کمیونٹی پر زور دیا کہ انھیں انسانیت کی بھلائی کےکاموں کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دینا چاہیئے۔

ڈاکٹر اگیمول پرادیپ مانچسٹر یونیورسٹی اسپتال میں گردوں کے ٹرانسپلانٹ کے شعبے کی رابطہ کار ہیں۔ انھوں نے اپنی تقریر میں سال 2014 کی قومی ڈونر فہرست کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ اس سال 7,593 مریض اسپتالوں میں عطیہ کے انتظار کی فہرست میں باری کا انتظار کر رہے ہیں جن میں سیاہ فام اور ایشیائی لوگوں کی مجموعی تعداد 18,34 ہے۔

بقول ڈاکٹر اگیمول، برطانیہ میں رہنے والے ایشیائی خاندانوں میں 3 سے 4 گنا زیادہ گردے ٹرانسپلانٹ کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہاں ہر سال 1000 سے زیادہ ایشیائی مریض ڈونر کی انتظار کی فہرست میں شامل ہوتے ہیں لیکن ہماری کمیونٹی سے عطیہ دہندگان کی تعداد بمشکل 35 سے 40 ہوتی ہے۔ ڈاکٹر اگیمول کے مطابق انسانی اعضاء عطیات کرنے کے حوالے سے مسلمان کمیونٹی میں کچھ ابہام پائے جاتے ہیں لیکن انھوں نے رور دیا کہ اگر آپ کسی کی زندگی بچانا چاہتے ہیں تو اپنے خاندان اور علماء سے اس سلسلے میں بات چیت ضرور کریں۔

تقریب کے ممان خصوصی معروف گلوکار داود وارنسبی علی پچھلے دو عشروں سے صوفیانہ طرز کے نعتیہ کلام لکھ رہے ہیں۔ انھیں اسلامی نغموں کی مخصوص گائیکی کے لیے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔ ان کے نغمے اور نظمیں خاص طور پر اسکولوں کے بچوں میں بہت مقبول ہیں جبکہ حالیہ برسوں میں وہ سادہ زندگی اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہیں اس کے علاوہ وہ دنیا بھر میں بین المذاہب کوششوں کے ساتھ بھی سرگرم ہیں۔

اس موقع پر انھوں نے اپنی زندگی کے ابتدائی برسوں کےحوالے سے لوگوں کے ساتھ اپنی یادوں کو شئیر کیا اور بتایا کہ وہ ایک کتھولک اسکول میں پڑھتے تھے لیکن قرآن کے مطالعے نے ان کی زندگی کو تبدیل کردیا جس کے بعد اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر انھوں نے 1993 میں اسلام قبول کر لیا اور اب وہ اپنی نظموں اور نعتیہ شاعری کے ذریعے اسلام کا آفاقی پیغام پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دواد وارنسبی علی نے اس موقع پر اپنے شعری مجموعے میں سے بچوں کے لیے نظمیں پیش کیں اور ڈھول کی تھاپ اور گٹار کے ساتھ صوتی ویژن کی کئی انگریزی، عبرانی اور اردو نعتیہ کلام پیش کیے۔

دواد وارنسبی نے بتایا کہ انھیں صوفیانہ کلام میں علامہ اقبال کی شاعری بے حد متاثر کرتی ہے اس کے بعد انھوں نے علامہ اقبال کے کلام سے اپنی پسندیدہ نظم ' لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری, زندگی شمع کی صورت ہو خدایا میری' انگریزی ترجمے کے ساتھ گٹار کی دھن پر گا کر سنائی جس پر انھیں حاضرین کی جانب سے دل کھول کر سراہا گیا اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

داود وارنسبی علی کا تعلق اونٹاریو سے ہیں لیکن وہ اکثر اپنے امریکہ اور پاکستان میں ایبٹ آباد کے گھر میں جاکر بھی رہتے ہیں۔ انھوں نے موسیقی میں ایک نئے انداز کو اپنایا ہے۔ انگریزی میں یہ صنف لوک یا علاقائی انداز کی گائیکی سے ملتی جلتی ہے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انھوں نے اپنا اسٹیج پرفارمر کا کرئیر چھوڑ دیا اور نام ڈیوڈ سے تبدیل کر کے 'داود' رکھ لیا اور ساتھ ہی والد کے نام کے ساتھ 'علی' کا اضافہ کر لیا۔

داود وارنسبی علی اسلام، فطرت اور سماجی مسائل جیسے موضوعات پرلوک انداز کی موسیقی ترتیب دیتے ہیں انھوں نے اب تک امن کی سرگوشی، اسلام کے رنگ، مدینہ روڈ، دھوپ اور دھول، خط البم ریلیز کیے ہیں۔ رائل اسلامک اسٹریٹیجک اسٹڈیز لیبیا نے انھیں 2009 میں دنیا کے 500 با اثر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

اس خصوصی ہفتے میں لندن سمیت مانچسٹر ہیلی فیکس اور دیگر بڑے شہروں کی مساجد، اسکولوں، کمیونٹی سینٹر اور بازاروں میں 'گیو اے لٹل آف یورسیلف' کی خصوصی تقریبات، کنسرٹ اور دیگر سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔

برطانوی مسلمانوں کی تنظیم اسلامک سوسائٹی آف بریٹن گذشتہ بائیس برسوں سے برطانیہ میں اسلامی بیداری اور بین المذہب ہم آہنگی کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کر رہی۔

XS
SM
MD
LG