رسائی کے لنکس

کیا خلا میں 'پہلا جرم' سر زد ہو گیا؟ ناسا تحقیقات میں مصروف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کا خلائی ادارہ ناسا خلا میں کیے گئے پہلے مبینہ جرم کی تحقیقات کر رہا ہے۔

امریکی 'اخبار نیو یارک ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق خاتون خلا باز این میکلین پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی سابقہ خاتون شریک حیات کے بینک اکاؤنٹس تک خلا سے مبینہ طور پر رسائی حاصل کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق این میکلین جنوری 2019 سے جون تک خلائی مشن پر بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن میں تھیں۔ اس دوران انہوں نے اپنی سابقہ شریک حیات ثمر وارڈن کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرکے اس کی تفصیلات دیکھی تھیں۔

واضح رہے کہ این میکلین ناسا کہ اس منصوبے کا حصہ تھیں جس کے تحت خواتین پر مشتمل ٹیم نے خلا میں چہل قدمی کرنا تھی۔ تاہم الزامات کے باعث مبینہ طور پر انہیں اس منصوبے سے الگ کیا گیا تاہم ناسا کی وضاحت سامنے آئی کہ ان کے سائز کا اسپیس سوٹ نہ ہونے کی وجہ سے مشن منسوخ ہوا۔

این میکلین کی سابقہ شریک حیات ثمر وارڈن جو ایئر فورس کی انٹیلی جنس افسر ہیں، نے فیڈرل ٹریڈ کمیشن میں ان کے خلاف آن لائن شناخت کی چوری اور اس کے غلط استعمال کی شکایت درج کرائی ہے۔ تاہم ثمر وارڈن کا کہنا ہے کہ اس پر کمیشن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ این میکلین نے ثمر وارڈن کے اکاؤنٹ سے کسی قسم کی مالی منفعت نہیں لی تھی اور نہ ہی اس سے کوئی رقم ٹرانسفر کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ثمر وارڈن کے اہل خانہ ناسا میں بھی ایک شکایت درج کروا چکے ہیں کہ این میکلین نے ان دونوں کے بیٹے کی حوالگی کا جواز پیدا کرنے کے لیے ثمر وارڈن کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی۔

دوسری جانب خاتون خلا باز این میکلین کے وکیل رسٹی ہارڈن نے 'نیو یارک ٹائمز' کو بتایا کہ وہ تردید کر چکی ہیں کہ انہوں نے کوئی غلط کام کیا ہے۔ وہ اس معاملے میں ہر طرح سے تعاون کر رہی ہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ میکلین صرف اس بات کی نگرانی کر رہی تھیں کہ ان کے بیٹے کا خیال بہتر انداز سے رکھا جا رہا ہے یا نہیں۔

رپورٹس کے مطابق ناسا کا تحقیقاتی دفتر دونوں خواتین سے اس معاملے پر رابطے میں ہے۔

خیال رہے کہ ان دونوں خواتین نے 2014 میں شادی کی تھی تاہم 2018 میں ثمر وارڈن نے این میکلین سے علیحدگی کے لیے طلاق کے کاغذات جمع کروائے تھے۔

ثمر وارڈن نے ان پر تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے تاہم این میکلین نے اس کی تردید کر دی تھی بعد ازاں یہ مقدمہ ختم ہو گیا تھا۔ تاہم ان دونوں میں طلاق کے بعد بیٹے کی حوالگی کے لیے کئی مہینے کیس چلا۔ اسی دوران این میکلین ناسا کے مشن پر خلا میں چلی گئیں۔ جہاں سے وہ جون 2019 میں واپس آئی ہیں۔

ناسا حکام کا کہنا ہے کہ تاحال وہ نہیں جانتے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں کوئی جرم سرزد ہوا ہے یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG