رسائی کے لنکس

'بھارت میں لوگ اب بھی لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے'


India coronavirus
India coronavirus

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں اور اس حوالے سے دی گئی حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کریں۔

بھارت میں کرونا وائرس سے سات افراد ہلاک اور 400 سے زائد متاثر ہیں۔ مرکزی حکومت نے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے بھی پیر کو ہندی میں کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بہت سے لوگ اب بھی لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو بچائیں۔

نریندر مودی نے ریاستی حکومتوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کو حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کا پابند بنائیں بصورتِ دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

بھارتی وزیر اعظم کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے 'جنتا کرفیو' کے نام سے ایک دن قبل کئی سخت اقدامات کیے تھے جب کہ شہریوں کو خود سے گھر تک محدود رہنے کی اپیل کی تھی۔

بھارت کے نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی، ملک کے سب سے بڑے کاروباری شہر ممبئی، چنائے، کلکتہ، بنگلورو سمیت 80 سے زائد اضلاع میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن کیا جا چکا ہے۔

لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کو صرف ضروری امور کی انجام دہی کے لیے ہی گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہے۔

بھارت کی ریاستوں پنجاب، راجستھان، بنگال اور ہریانہ میں سرکاری ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے۔ (فائل فوٹو)
بھارت کی ریاستوں پنجاب، راجستھان، بنگال اور ہریانہ میں سرکاری ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے۔ (فائل فوٹو)

لاک ڈاؤن کے دوران ریلوے سروس معطل ہے جب کہ میٹرو سروس اور بین الاضلاع بسوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

بھارت کی ریاستوں پنجاب، راجستھان، بنگال اور ہریانہ میں سرکاری ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے۔

ممبئی میں نجی گاڑیوں میں بھی ایک سے زائد افراد کے بیٹھنے پر ممانعت ہے۔ تاہم وہ ٹرک جو اشیائے خور و نوش لا رہے ہیں، ان پر شہر میں داخلے پر پابندی نہیں ہے۔

ٹرک ڈرائیورز کی جانب سے شکایت کی جا رہی ہے کہ شہر میں داخلے سے قبل انتہائی سخت چیکنگ کی وجہ سے ٹرکوں کو شہر میں داخل ہونے میں بہت زیادہ وقت لگ رہا ہے۔ جس سے ممبئی میں اشیائے خور و نوش پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

بھارت کے دارالحکومت دہلی کی عام آدمی پارٹی ریاستی حکومت نے سب سے پہلے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ وہاں مکمل طور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے۔

دہلی کی ریاستی حکومت نے سب سے پہلے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ (فائل فوٹو)
دہلی کی ریاستی حکومت نے سب سے پہلے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ (فائل فوٹو)

اتوار کو وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا تھا کہ ریاست دہلی کی سرحدیں مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں تاکہ دیگر ریاستوں سے لوگ داخل نہ ہو سکیں۔ تاہم دہلی میں لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے ضروریہ اور ادویات کی دکانیں کھلی ہیں۔

کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے اتوار کو لوگوں کو خود سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی تھی جب کہ اس کو 'جنتا کرفیو' (یعنی عوام کا کرفیو) کہا گیا تھا۔

بھارتی حکومت کی جانب سے ایک جانب جہاں لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے وہیں اب اس وائرس کے ٹیسٹس کے لیے نجی لیبارٹریز کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ان افراد کا بھی معائنہ اور ٹیسٹ یقینی بنایا جا سکے جو کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے قریب رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG