رسائی کے لنکس

حلف برداری: مودی کی عالمی رہنماوؑں کو شرکت کی دعوت


مئی 2014 میں نریندر مودی نے صدر پرناب مکھر جی سے وزارت اعظمی کا حلف لیا تھا۔
مئی 2014 میں نریندر مودی نے صدر پرناب مکھر جی سے وزارت اعظمی کا حلف لیا تھا۔

لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی کے بعد بھارتی دارلحکومت نئی دہلی میں حکومت سازی کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق نریندر مودی 30 مئی کو دوسری مدت کے لیے وزارت اعظمی کا حلف اٹھائیں گے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں مختلف ایشیائی ممالک سمیت عالمی رہنماوؑں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس ضمن میں دعوت نامے ارسال کئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سنہ 2014 میں وزیر اعظم منتخب ہونے پر مودی کی تقریب حلف برداری میں اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے بھی شرکت کی تھی۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد بھی دی ہے۔

رواں سال فروری میں بھارتی کشمیر کے علاقے پلواما میں فوجی گاڑیوں پر خود حملے کے نتیجہ میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارت نے اس کارروائی کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔

سولہویں لوک سبھا تحلیل

بھارت کے چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے لوک سبھا کا انتخاب جیتنے والے اراکین کی حتمی فہرست صدر کو پیش کر دی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور حکمراں محاذ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کا قائد منتخب ہونے کے بعد صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کر کے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کریں گے۔

اس سے قبل جمعہ کی شام کو مرکزی کابینہ کا آخری اجلاس ہوا جس میں سولہویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی قرارداد منظور کی گئی۔ جس کے بعد وزیر اعظم نے صدر کو اپنا استعفی پیش کیا۔

صدر نے انہیں نئی حکومت کے قیام تک منصب پر فائز رہنے کی تجویز دی ہے۔

کیا ہمسائیہ ممالک سے تعلقات بہتر ہو سکیں گے؟

انتخابات میں کامیابی کے بعد تہنیتی پیغامات کے جواب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی مبارکباد کے جواب میں نریندر مودی نے خطے میں امن کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

سینئر تجزیہ کار وویک شکلا نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو چاہیے کہ اب جبکہ انتخابات ختم ہو گئے ہیں تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ باہمی رشتے استوار کریں۔ ان کے بقول بھارت کے اصل مسائل مہنگائی، بے روزگاری اور اقلیتوں کے حقوق ہیں وزیر اعظم کو ان پر فوری توجہ دینا ہو گی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات میں کامیابی کو عوام کے نام کیا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات میں کامیابی کو عوام کے نام کیا تھا۔

راہل گاندھی کی استعفے کی پیشکش

ہفتے کو نئی دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شکست کے اسباب کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر راہل گاندھی نے کانگریس صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی پیشکش کی جسے ورکنگ کمیٹی نے منظور کرنے سے انکار کر دیا۔

ایک قرارداد میں کہا گیا کہ ہمیں موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے راہل گاندھی کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں بننے والے اتحاد نے 350 نشستیں حاصل کی تھیں۔ بی جے پی نے انفرادی طور پر 303 نشستیں حاصل کر لی تھیں جبکہ حکومت سازی کے لئے لوک سبھا میں 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG