رسائی کے لنکس

بالی ووڈ کے سنہرے آغاز کا ستارہ ’نندا‘ چل بسیں


”پردیسیوں سے نہ انکھیاں ملانا“ اور "اک پیار کا نغمہ ہے“ جیسے شہرہ آفاق گانے تو آپ نے سنے ہی ہوں گے۔ ان خوبصورت گانوں کی ہیروئن کوئی اور نہیں بلکہ نندا تھیں۔

کھڑے نین نقش اور پروقار شخصیت اور ہونٹوں پر کھیلتی دھیمی سی مسکراہٹ۔۔ یہ تھیں بالی وڈ کے ابتدائی دور کی خوبصورت اور ٹیلنٹ سے مالا مال ہیروئنز میں سے ایک، نندا۔

بالی وڈ میں آغاز سے ہی خوبصورت دھنیں اور گانے بنتے چلے آئے ہیں لیکن کچھ گانے ایسے ہیں جو کئی عشروں بعد بھی جب اور جہاں بجیں کانوں میں رس گھول دیتے ہیں اور لوگ ساتھ ساتھ گنگنانے لگتے ہیں۔

”پردیسیوں سے نہ انکھیاں ملانا“ اور "اک پیار کا نغمہ ہے“ جیسے شہرہ آفاق گانے تو آپ نے سنے ہی ہوں گے۔ ان خوبصورت گانوں کی ہیروئن کوئی اور نہیں بلکہ نندا تھیں۔

نندا نے اپنے کیرئیر کاآغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ ’مندر‘، ’جگّو‘ اور ’جاگریتی‘ سے کیا لیکن ان کو شہرت ملی اپنے چچا وی شانتا رام کی 1956ء میں بنی فلم ’طوفان اور دیا ‘سے۔

کلاسک اوراچھی فلموں کے شوقین نندا کی ’جب جب پھول کھلے‘، ’گمنام‘، ’شور‘، ’بھابھی‘، ’دھول کا پھول‘، ’چھوٹی بہن‘، ’آنچل‘، ’کالا بازار‘، ’آج اور کل‘، ’نرتکی‘، ’جورو کا غلام‘ ، ’کالا بازار‘، نیند ہماری خواب تمہارے‘، ’تین دیوانے‘ اور ’دی ٹرین ‘ کوکیسے بھول سکتے ہیں۔ سن 80 کے عشرے میں ’پریم روگ‘ اور ’ مزدور‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی نندا کے کریڈٹ پر ہیں۔

سن 60 سے سن 80 کے عشروں تک پھیلے اپنے کیرئیر میں نندا نے اس زمانے کے تمام سپرہٹ ہیروز کے ساتھ کام کیا جن میں دیوآنند، ششی کپور، منوج کمار، راجیش کھنہ، شمی کپور اور دیگر شامل تھے لیکن ان کی جوڑی ششی کپور کے ساتھ سب سے زیادہ پسندکی گئی۔

’این ڈی ٹی وی' اور 'سی این این آئی بی این' اور دیگر بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کو نندا کے دنیا سے گزرجانے کا صدمہ ان کے خاندان اور قریبی سہیلیوں وحیدہ رحمان ،آشا پاریکھ کو ہی نہیں پہنچا بلکہ پوری بالی وڈ انڈسٹری نے نندا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر نے ٹوئٹرپر اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ” ننداجسے ہم ’بے بی نندا‘ کہا کرتے تھے وہ اور اس کی بہن میری سہیلیاں تھیں۔ نندا کے دنیا سے گزرجانے کا سن کر دکھ ہوا۔“

ماچو مین سنی دیول جن کے والد دھرمیندر بھی نندا کے کواسٹار رہ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ نندا بہت اچھی اداکارہ اور انسان تھیں۔

فلم میکر مدھربھنڈارکر نے ٹوئٹ کیا کہ نندا جی کی وفات پر افسوس ہے۔ ان کی فلمیں’ گمنام‘ اور ’ جب جب پھول کھلے ‘ آج بھی میری فیورٹ ہیں۔

ممبئی میں 75 سال کی عمر میں دل کے دورے کے بعد دنیا سے کوچ کرجانے والی نندا نے شادی نہیں کی تھی لیکن اپنے پیچھے وہ نئے آنے والوں کے لئے بہترین فلمیں اور بہت سے پرستار چھوڑ گئی ہیں.
XS
SM
MD
LG