رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ؛ نمیبیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد عمان کو سپر اوور میں شکست دے دی


  • باربا ڈوس میں کھیلے جانے والیے میچ میں دونوں ٹیموں نے 109 اسکور کیا اور میچ ٹائی ہو گیا
  • سپر اوور میں نمیبیا کے ڈیوڈ ویزا نے سپر کارکردگی کا مظاہرہ کیا
  • پاپوا نیو گنی کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور نمیبیا نے گروپ بی کے پہلے میچ میں عمان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے دی ہے۔

بارباڈوس میں کھیلے جانے والا میچ مقررہ بیس بیس اوورز میں دونوں ٹیموں نے 109 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہو گیا۔ جس کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

سپر اوور مرحلے میں نمیبیا کی جانب سے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا چھائے رہے جنہوں نے بیٹنگ کرتے ہوئے 13 رنز بنائے اور بالنگ کرتے ہوئے 10 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نمیبیا کے 21 رنز کے جواب میں عمان کی ٹیم صرف چھ گیندوں پر 10 رنز ہی بنا سکی، یوں نمیبیا نے یہ میچ جیت کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

اس سے قبل میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر عمان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ خالد کیل کے 34 رنز کی بدولت پوری ٹیم نے 19 عشاریہ 4 اوورز میں 109 رنز بنائے۔

نمیبیا کے ریوبن تڑمپل مین نے چار اور ڈیوڈ ویزا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نمیبیا کی ٹیم نے بھی 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے۔

جین فریلنک 45 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ فاسٹ بالر مہران خان نے تین اوورز میں سات رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے کھیلے گئے ایک اور میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

پاپوا نیو گنی کے 136 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

اب تک کھیلے گئے تین میچوں کے بعد میزبان امریکہ، ویسٹ انڈیز اور نمینیا کے دو دو پوائنٹس ہیں۔ آج کا دوسرا میچ گروپ ڈی کی دو مضبوط ٹیموں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

فورم

XS
SM
MD
LG