رسائی کے لنکس

بھارت: بیوی کا دل جیتنے کے لیے پاسپورٹ ویری فکیشن سسٹم ہیک کرنے والا ملزم گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں ایک شخص کو اپنی بیوی کو متاثر کرنا مہنگا پڑ گیا اور اسے اس وجہ سے گرفتاری کا سامنا کرنا پڑا۔

ممبئی کی کرائم برانچ کی سائبر پولیس نے پاسپورٹ ویری فکیشن برانچ کا سسٹم ہیک کرنے کے الزام میں ایک 27 سالہ سول انجینئر کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی بیوی کو متاثر کرنے کے لیے یہ کام کیا۔

بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ راجا بابو شاہ نامی سول انجینئر اس وقت جوڈیشیل تحویل میں ہے۔

پاسپورٹ سسٹم ہیک کرنے کا واقعہ گزشتہ برس 24 ستمبر کو پیش آیا تھا اور اس روز پاسپورٹ آفس کی برانچ بند تھی۔راجا بابو شاہ کا تعلق ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد سے ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کی بیوی ملازمت کی غرض سے بیرونِ ملک جانے کی تیاری کر رہی تھی۔ اس لیے ملزم نے ویری فکیشن برانچ کا سسٹم ہیک کرکے بیوی سمیت تین خواتین درخواست گزاروں کی انکوائری رپورٹ کلیئر کردی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے شک سے بچنے کے لیے بیوی کے علاوہ دو اور درخواست گزاروں کی انکوائری کلیئر کی۔

اس واقعے کے بعد پولیس نے گزشتہ برس آزاد میدان پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ملزم نے نوائیڈا شہر کی آئی پی استعمال کی تھی۔ تاہم پولیس نے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ راجا بابو شاہ نے سسٹم تک رسائی کیسے حاصل کی۔

پولیس کا مزید کہناتھا کہ راجا بابو شاہ کی بیوی کی درخواست میں کسی قسم کا مسئلہ نہیں تھا لیکن جب یہ معاملہ سامنے آیا اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تو پاسپورٹ کے تصدیقی عمل کو روک دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG