رسائی کے لنکس

فاسٹ بالر محمد حسنین کا بالنگ ایکشن غیر قانونی قرار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد حسنین کا بالنگ ایکشن غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔

محمد حسین کا بالنگ ایکشن گزشتہ ماہ بگ بیش لیگ کے دوران رپورٹ ہوا تھا۔ بعدازاں انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی منظور شدہ لاہور کی لیب میں اپنا بالنگ ایکشن ٹیسٹ کرایا تھا۔

اکیس سالہ فاسٹ بالر محمد حسنین کے لاہور میں ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کو ارسال کی گئی تھی جس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے فاسٹ بالر کا ایکشن غیر قانونی قرار دیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے جمعے کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور کی کی بائیو مکینک لیب کی رپورٹ کے مطابق محمد حسنین کی گڈ لینتھ ڈلیوری، فل لیتھ ڈلیوری، سلو باؤنسر اور باؤنسر کے دوران ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد سے تجاوز کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کے قواعد کے مطابق بالر کے بازو کا خم 15 ڈگری سے زیادہ ہونے پر ایسے بالر کا ایکشن غیر قانونی ہوتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ محمد حسنین کے ایکشن کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے جس کے لیے بالنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کیا جائے گا۔

بالنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد محمد حسنین پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں بھی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے تین میچز میں 76 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل سیون کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پر محمد حسنین کو لیگ میں مزید شرکت کی اجازت نہیں ہو گی اور غیر قانونی بالنگ ایکشن کی درستگی تک وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھی باؤلنگ سے معطل رہیں گے۔

یاد رہے کہ محمد حسنین 18 ٹی ٹوئنٹی اور آٹھ ایک روزہ میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

نوجوان فاسٹ بالر نے دو جنوری کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ڈیبیو کیا تھا اور اپنے پہلے ہی میچ کے پہلے اوور میں تین وکٹیں لے کر ہلچل مچا دی تھی۔

سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے حسنین نے اپنے پہلے اوور کی دوسری اور تیسری گیندوں پر وکٹیں حاصل کیں جب کہ چوتھی گیند ڈاٹ ہوئی جس کے بعد پانچویں گیند پر بھی وہ ایک اور کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو ئے تھے۔

میچ میں حسنین نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی اور ٹیم کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف 28 رنز کی فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

محمد حسنین کی اس کارکردگی پر سوشل میڈیا پر ان کی بالنگ کے چرچے ہوئے جہاں سوشل میڈیا صارفین نے پاکستانی پیسر کی شان دار کارکردگی پر انہیں دل کھول کر داد دی۔

تاہم بالنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد محمد حسنین واپس پاکستان آ گئے جہاں بائیو مکینک لیب میں ان کے بالنگ ایکشن کا ٹیسٹ ہوا لیکن ٹیسٹ کی حتمی رپورٹ آنے تک وہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے رہے۔

جمعرات کو کوئٹہ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ شروع ہونے سے عین قبل ان کا نام فائنل الیون سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG